توانائی تنصیبات یا معاشی ڈھانچے پر حملے کا جواب انتہائی سخت اور براہ راست ہوگا، ایران

ایران کی مرکزی عسکری قیادت نے خبردار کیا ہے کہ اس کے توانائی اور معاشی ڈھانچے پر کسی بھی حملے کا جواب براہ راست حملہ آور کے علاقے میں دیا جائے گا۔
خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اگر امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے ایران کے ایندھن، گیس یا معاشی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا جواب انتہائی سخت اور براہ راست دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ حملہ آور کے اپنے علاقے میں اس کی تنصیبات کو نشانہ بنانا ایران کا جائز حق ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔ حکام کے مطابق جوابی کارروائی فوری اور فیصلہ کن ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کی طاقتور افواج نے ایران کی فوجی صلاحیت تباہ کر دی، امریکی صدر کا دعویٰ
پاسداران انقلاب نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے ابتداء میں اس تنازع کو توانائی کے شعبے تک پھیلانے کی کوشش نہیں کی تھی اور نہ ہی خطے کے ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہا تھا، تاہم جب اس کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو بھرپور اور جوابی کارروائی ناگزیر ہو گئی۔
بیان کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں امریکی مفادات سے جڑی تیل تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ جنگ کا دائرہ اب وسیع ہو چکا ہے۔
ایران نے مزید خبردار کیا کہ اگر اس کے بنیادی ڈھانچے پر مزید حملے کیے گئے تو اس کا ردعمل اس سے بھی زیادہ شدید ہوگا اور دشمن کی توانائی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کیا جا سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










