پاکستان عالم اسلام کا فخر ہے، اس کی سالمیت سب سے مقدم ہے، فقہ جعفریہ کے علماء کا فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے فقہ جعفریہ کے ممتاز علماء و مشائخ کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں مذہبی قیادت نے ملک میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور پاک افواج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کی عسکری قیادت اور فقہ جعفریہ کے جید علماء و مشائخ کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقات نے قومی یکجہتی اور دفاع وطن کے حوالے سے ایک نیا اور مضبوط بیانیہ تشکیل دے دیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے بعد مختلف مکتبہ فکر کے رہنماؤں نے پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
علماء نے مذہب کے نام پر ہونے والے ہر قسم کے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ ملک میں امن و استحکام کے لیے ریاستی اداروں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
وحدت علمائے اسلام کے چیئرمین مولانا زاہد عباس کاظمی نے اس موقع پر انتہائی اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ پاکستان آرمی کو یہ یقین دلاتا ہے کہ ہم ہر محاذ پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ یہ ہماری اور پورے اہل وطن کی بقا کی جنگ ہے۔ انہوں نے حدیث رسول ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے اور ہم گلگت بلتستان میں فوجی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایسے شرپسندوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ملاقات کے دوران علامہ شبیر حسن میثمی نے واضح کیا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، جس کے لیے ہم نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور کسی بھی داخلی یا خارجی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل کی علمائے اہل تشیع سے ملاقات، قومی سلامتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر اہم مشاورت
اسی طرح مولانا الطاف حسین نے افغانستان کی جانب سے کی جانے والی بلااشتعال جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر ثابت کر دیا کہ ہم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے ایک تاریخی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مرکز نے فیصلہ کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہر گاؤں سے بیس افراد محاذ پر جا کر افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کریں گے۔
علامہ عارف واحدی نے پاکستان کو عالم اسلام کا فخر اور 27 رمضان کی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کو ہمیشہ ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے اور پوری قوم افغان جارحیت کے خلاف اپنی فوج کے ساتھ ہے۔
علامہ مرزا علی نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ ریاست مخالف سرگرمیوں کا حصہ نہ بنیں، جبکہ علامہ ناظر عباس تقوی نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو پاکستان میں دہشت گردی کا اصل ذمہ دار قرار دیا۔
علامہ محمد حسین نجفی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر اسلام اور مسلمانوں کو محفوظ دیکھنا ہے تو پاکستان کو کبھی کمزور نہ ہونے دینا۔
ملاقات کے اختتام پر مولانا بشارت امامی اور دیگر علماء نے دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
علمائے کرام نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی، جس سے یہ پیغام واضح ہوا کہ ملک کی مذہبی اور عسکری قیادت ایک ہی صفحے پر ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












