بدھ، 25-مارچ،2026
بدھ 1447/10/06هـ (25-03-2026م)

آسیہ اندرا بی کو عمر قید کی سزا، پاکستان نے بھارتی عدالت کا فیصلہ مسترد کر دیا

25 مارچ, 2026 12:24

پاکستان نے حریت رہنما آسیہ اندرا بی کو عمر قید اور ان کی ساتھیوں کو طویل قید کی سزائیں سنانے کے بھارتی فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے انصاف کا قتل قرار دیا ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی ممتاز حریت رہنما آسیہ اندرا بی کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنائے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آسیہ اندرا بی کو عمر قید اور ان کی ساتھی رہنماؤں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو تیس تیس سال قید کی سزائیں دینا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان سال 2025 کا دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت سیاسی بنیادوں پر من گھڑت مقدمات بنا کر کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے اور یہ سزائیں سراسر انصاف کا قتل ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ان جابرانہ اقدامات کا فوری نوٹس لیں، کیونکہ بھارت مقبوضہ وادی میں سیاسی اظہارِ رائے کی ہر جگہ ختم کر رہا ہے۔

ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور جب تک کشمیریوں کو ان کا جائز حقِ خودارادیت نہیں مل جاتا، پاکستان ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔