بدھ، 25-مارچ،2026
بدھ 1447/10/06هـ (25-03-2026م)

خلیجی ممالک کا غذائی تحفظ، وزیراعظم کا اشیائے خورونوش کی برآمدات بڑھانے کا حکم

25 مارچ, 2026 15:37

وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر خلیجی ریاستوں کو اشیائے خورونوش کی بلا تعطل فراہمی کے لیے جامع حکمتِ عملی کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمدات اور پاکستان کی بندرگاہوں کے آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے خلیجی ممالک کو غذائی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ خلیجی ریاستوں سے قریبی رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی چین متاثر ہونے کے باوجود خلیجی بھائیوں کی غذائی ضروریات کا خیال رکھنا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ خلیجی ممالک کو چاول، گوشت، پولٹری، پھل اور سبزیوں سمیت چالیس مختلف فوڈ آئٹمز کی برآمد کے لیے خصوصی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا پورا نظام محض چار وزراء کے ہاتھوں میں ہے، ایم کیو ایم 

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ ملکی ضروریات متاثر نہ ہوں، تاہم وافر مقدار میں موجود اشیاء کو فوری طور پر ہوائی اور بحری روٹس کے ذریعے برآمد کیا جائے۔

وزیراعظم نے خبردار کیا کہ حکومتی سطح پر فیصلہ سازی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کراچی اور گوادر بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ کی صلاحیت بڑھانے اور محصولات میں ساٹھ فیصد تک کمی کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے تاکہ برآمد کنندگان کو سہولت میسر آ سکے۔ بندرگاہوں پر اب خام تیل لانے والے جہازوں کو ترجیحی بنیادوں پر لنگر انداز کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔