جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

افغان طالبان کی نااہلی، نظامِ صحت تباہ، ادویات کی شدید قلت، طبی عملے کی تنخواہیں بند

02 اپریل, 2026 10:51

افغان میڈیا کی حالیہ رپورٹس کے مطابق، انتظامی غفلت اور ترجیحات میں عوامی فلاح کے فقدان نے نظامِ صحت کو مفلوج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں عام شہریوں بالخصوص دور دراز علاقوں کے باسیوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔

افغانستان میں طالبان انتظامیہ کی نااہلی اور انتظامی غفلت کے باعث ملک کا سماجی ڈھانچہ تیزی سے تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ معاشی بدحالی کے بعد اب صحت کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں حکومتی عدم توجہی نے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات میں ڈال دیا ہے۔

ناقدین اور ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم کی تمام تر توجہ عوامی بہبود کے منصوبوں کے بجائے مبینہ طور پر دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی اور خطے میں عدم استحکام پھیلانے پر مرکوز ہے، جس کی قیمت عام افغان شہری کو چکانی پڑ رہی ہے۔

افغان میڈیا ادارے کابل ٹریبون کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔ وہاں کا طبی عملہ گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان رجیم بھارت کی شہ پر پاکستان کے خلاف سرگرم ہے، آسٹریلوی جریدے کی رپورٹ

اس ہڑتال کے باعث بدخشاں کے طبی مراکز میں ادویات اور دیگر ضروری طبی سامان کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس نے صوبے کے نظامِ صحت کو عملاً مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی برطرفیوں اور بلا جواز انتظامی تبدیلیوں نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے، جس سے پورے ملک کا طبی ڈھانچہ لرز اٹھا ہے۔

طبی ماہرین اور علاقائی مبصرین کے مطابق، بدخشاں میں جاری ہڑتال اور ادویات کا بحران اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ طالبان حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور یہ صورتحال اب ایک سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کر گئی ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ طالبان کی ترجیحات میں عوامی فلاح و بہبود کہیں شامل نہیں ہے، بلکہ وہ صرف آمرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے غیر قانونی تسلط کو مضبوط کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔

اگر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے فوری مداخلت نہ کی تو افغانستان میں صحت کے نظام کی مکمل تباہی سے لاکھوں جانیں ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔