جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

ایران کے کویت، بحرین اور امارات میں امریکی تنصیبات پر حملے، اسرائیل کے دفاعی مراکز پر ضرب

05 اپریل, 2026 09:42

ایران نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے فوجی و صنعتی مراکز اور کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے تصدیق کی ہے کہ آپریشن وعدہ صادق فور کی ترانوے، چورانوے اور پچانوے ویں لہروں کے دوران بڑے پیمانے پر اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان حملوں میں ٹھوس اور مائع ایندھن سے چلنے والے بیلسٹک میزائلوں اور خودکش ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔ چورانوے ویں لہر کے دوران خرم شہر، عماد اور خیبر شکن میزائلوں کے ذریعے دیمونا، النقب اور تل نوف فضائی اڈے پر درست نشانے لگائے گئے، جہاں امریکی ساختہ چینوک ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے مراکز کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

آپریشن کی نوے ویں لہر کے دوران دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے خطے میں موجود امریکی مفادات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کویت کے جزیرہ بوبیان پر موجود امریکی ہائی مارز میزائل بیٹریوں اور شمالی بحرین میں پیٹریاٹ دفاعی نظام پر حملے کیے۔

یہ بھی پڑھیں : چین ایران کو بیلسٹک میزائلوں کا خام مال فراہم کر رہا ہے، برطانوی اخبار کا دعویٰ

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں ان مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں امریکی فوجی ٹرینرز مقیم تھے، جبکہ اوریکل نامی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کی تنصیبات پر بھی ضرب لگائی گئی۔ بحرین کی خلیفہ بن سلمان بندرگاہ پر اسرائیل سے وابستہ ایک تجارتی جہاز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن نے جارحیت جاری رکھی تو یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی اور جہنم کے دروازے حملہ آوروں کے لیے کھل جائیں گے۔

انہوں نے صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دشمن کی مایوسی اور بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔ ایرانی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ جلد ہی اپنا نیا اور جدید فضائی دفاعی نظام میدان میں لانے والے ہیں، جو دشمن کو حیران کر دے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران اپنی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے قریب ہے اور حالیہ دنوں میں امریکی طیاروں کو مار گرانا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔