امریکہ ایرانی وفد کا اعتماد جیتنے میں ناکام رہا، اسپیکر باقر قالیباف

ایرانی اسپیکر نے اپنے پہلے ردعمل میں کہا ہے کہ ایران نیک نیتی کے ساتھ مذاکراتی میز پر آیا مگر امریکہ گزشتہ تلخ تجربات کی بنا پر ایرانی وفد کا اعتماد بحال کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے اعصاب شکن مذاکرات کے بعد ایرانی وفد کے سربراہ اور اسپیکر پارلیمان محمد باقر قالیباف نے ایک جامع بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے مذاکرات کی اندرونی صورتحال اور تہران کے مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی ہے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ مذاکرات کے آغاز سے قبل ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ایران کے پاس ضروری نیک نیتی اور پختہ ارادہ موجود ہے، تاہم گزشتہ دو جنگوں کے تلخ تجربات کی روشنی میں انہیں دوسرے فریق یعنی امریکہ پر رتی برابر بھی بھروسہ نہیں ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے ساتھیوں اور ایرانی وفد کے اراکین نے مذاکرات کے دوران مستقبل کے حوالے سے کئی اہم اور تعمیری تجاویز پیش کیں، لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود امریکی وفد اس قابل نہیں ہو سکا کہ وہ ایرانی نمائندوں کا اعتماد جیت پاتا۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ امریکہ اب ایران کے منطقی مؤقف اور اصولوں کو بخوبی سمجھ چکا ہے، لہٰذا اب گیند امریکہ کے کورٹ میں ہے اور اسے ہی یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ کیا وہ اپنا رویہ بدل کر ایران کا اعتماد حاصل کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران کے درمیان معاملات طے، جلد اعلان ہوگا، پاکستان و دیگر ضامن ہوں گے، ذرائع کا دعویٰ
انہوں نے سفارت کاری کو قومی وقار کا آئینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے لیے مذاکرات کی میز بھی اتنی ہی اہمیت رکھتی ہے جتنی کہ میدانِ جنگ میں عسکری جدوجہد۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ایرانی قوم کے حقوق کے تحفظ اور گزشتہ چالیس دنوں کے دفاعی معرکوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے لیے جدوجہد کا ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا جائے گا۔
محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں برادر ملک پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مذاکراتی عمل کی سہولت کاری پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں اور پاکستانی عوام کو محبت بھرا سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے ایرانی عوام کے اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نو کروڑ نفوس پر مشتمل ایک واحد جسم کی مانند ہے، جس نے سپریم لیڈر کی ہدایات پر لبیک کہتے ہوئے اپنے بیٹوں (مذاکرات کاروں) کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
انہوں نے 21 گھنٹے طویل اور شدید مذاکرات کرنے والے اپنے ساتھیوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی اور ایران کی عظمت ہمیشہ برقرار رہے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










