ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اعلانِ جنگ قرار دے دی، مزاحمتی محاذ کو الرٹ رہنے کا حکم

ایرانی قدس فورس کے سربراہ نے مزاحمتی محاذ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ ایرانی پارلیمنٹ نے متنبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کو اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قآنی نے کہا ہے کہ خطے میں مزاحمتی محاذ مکمل طور پر متحد اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو یمن اور بحیرہ احمر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی کی طرح ایک بار پھر اس خطے سے خالی ہاتھ اور ذلیل ہو کر نکلیں گے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے صدر ٹرمپ کے بحری ناکہ بندی کے اعلان کو محض ایک دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی آبنائے ہرمز میں ایسی کوئی کوشش کی گئی تو ایران اسے اعلانِ جنگ تصور کرے گا اور اس کا جواب ویسا ہی دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی بحری ناکہ بندی کا منصوبہ ناکام بنا دیں گے، ایرانی رہنماء
رپورٹس کے مطابق گیارہ اپریل کو دو امریکی تباہ کن بحری جہازوں (ڈسٹرائرز) نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کی تھی جسے ایرانی بحریہ نے ناکام بنا دیا۔
بتایا گیا ہے کہ ایرانی کروز میزائل سسٹم نے ان جہازوں کو اپنے نشانے پر لے لیا تھا اور ڈرونز کے ذریعے ان کی نگرانی کی جا رہی تھی۔
ایرانی فورسز نے عالمی سمندری چینلز کے ذریعے ان جہازوں کو تیس منٹ کا الٹی میٹم دیا، جس کے بعد وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔
یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ امریکی جہازوں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے عمانی رجسٹریشن کا سہارا لینے اور تجارتی جہازوں کا روپ دھارنے کی کوشش کی تھی لیکن ایرانی الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نے ان کی اس چال کو ناکام بنا دیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









