پیر، 13-اپریل،2026
پیر 1447/10/25هـ (13-04-2026م)

افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف مزاحمت میں نمایاں تیزی، بغلان میں راکٹ حملہ

13 اپریل, 2026 14:02

افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مسلح مزاحمت نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، جہاں بغلان میں آزادی پسند محاذ نے راکٹ حملے میں چار جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغانستان کے صوبے بغلان میں آزادی پسند محاذ نے ان کے ایک اہم ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی رات کے دو بجے شروع ہوئی، جب آزادی پسند محاذ کے جنگجوؤں نے طالبان کے ایک ٹھکانے پر راکٹوں سے حملہ کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ پوری کارروائی تقریباً بارہ منٹ تک جاری رہی، جس میں شدت کے ساتھ راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

اس حملے کے نتیجے میں طالبان رجیم کے چار جنگجو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔ آزادی پسند محاذ نے اس کامیاب کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے اپنی منظم مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان نے آزادی صحافت کا گلا گھونٹ دیا ہے، افغان صحافتی تنظیم کا شدید احتجاج

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے مختلف حصوں بالخصوص شمالی علاقوں میں طالبان مخالف مسلح کارروائیوں میں گزشتہ کچھ عرصے سے نمایاں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

ماہرینِ امورِ افغانستان کے مطابق یہ بڑھتی ہوئی مزاحمتی سرگرمیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ طالبان رجیم کی سیکیورٹی پر گرفت اب وہ نہیں رہی، جو ابتدائی دنوں میں تھی۔

یہ حملے نہ صرف طالبان کی عسکری قوت کو چیلنج کر رہے ہیں بلکہ ان کی انتظامی کمزوریوں کو بھی عالمی سطح پر بے نقاب کر رہے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر ان گوریلا کارروائیوں پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں افغانستان کے دیگر صوبوں میں بھی اسی طرح کے حملوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس سے ملک میں ایک بار پھر خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔