بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

قومی کراٹے کھلاڑی آرزو حادثے میں زخمی ہو کر چل بسیں

22 اپریل, 2026 15:28

کوئٹہ: قومی کراٹے کی نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی آرزو بدھ کے روز ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئیں، جس پر کھیلوں کے حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 سالہ آرزو حیدر علی، جو کوئٹہ کے غلام علی ہزارہ اسپورٹس کمپلیکس سے وابستہ تھیں، موٹر سائیکل پر اپنے ساتھی کے ہمراہ مقامی کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئیں۔

حادثے کے نتیجے میں آرزو شدید زخمی ہوئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔

آرزو نے قومی سطح کے مختلف مقابلوں میں بلوچستان کی نمائندگی کی تھی اور اپنی شاندار کارکردگی کے باعث ایک ابھرتی ہوئی اسٹار سمجھی جاتی تھیں۔ ان کی اچانک وفات نے کھیلوں کی دنیا کو سوگوار کر دیا ہے۔

پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر اور دیگر عہدیداران نے آرزو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر محکمہ کھیل بلوچستان کے سیکرٹری درا بلوچ نے اریا اسپتال کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے زخمی کھلاڑی کی عیادت کی اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔