یو اے ای اپنی زمین ایران کیخلاف استعمال نہ ہونے دے، ایران کا سلامی کونسل میں خط

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لکھے گئے خطوط میں متحدہ عرب امارات پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف حملوں کے لیے یو اے ای کی سرزمین اور فضائی حدود کا استعمال کر رہا ہے۔
ایران نے باضابطہ طور پر امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین اور فضائی حدود کو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف حملوں اور ان کی معاونت کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کے صدر کے نام دو الگ الگ لیکن ہم نوعیت کے خطوط ارسال کیے ہیں۔
ان خطوط میں ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف غیر قانونی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تیاری اور نفاذ کے لیے مسلسل متحدہ عرب امارات کے علاقے کو استعمال کر رہا ہے، جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
تہران نے امریکہ اور اسرائیل کو ایران کے خلائی ڈھانچے اور سویلین مواصلاتی نظام پر بمباری کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان اقدامات کو ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : واشنگٹن کی پابندیاں بے اثر، درجنوں ایرانی بحری جہاز آبنائے ہرمز پار کرنے میں کامیاب
ایران کے مطابق یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بیرونی خلا کے معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ایرانی مندوب نے واضح کیا ہے کہ ان کے پاس ان خلاف ورزیوں کی دستاویزی تفصیلات، تاریخیں اور مخصوص واقعات کے ثبوت موجود ہیں، جو ثابت کرتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین ایران کے خلاف جارحیت میں استعمال ہوئی۔
اس سے قبل بھی تہران نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔
امیر سعید ایروانی نے ان ممالک سے حسنِ جوار کے اصولوں پر عمل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے پڑوسیوں کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے، لیکن اپنی علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے تحفظ کے لیے کسی بھی ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اپنے دفاع کے فطری حق کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی جارحیت کا مناسب جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












