ایرانی وزیرِ خارجہ کا مصری اور ترکیہ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

ایرانی وزیرِ خارجہ نے مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں، جن میں علاقائی صورتحال، جنگ بندی کی کوششوں اور ایران و امریکہ کے درمیان جاری مذاکراتی عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور سفارتی حل کی تلاش کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں جنگ بندی، سفارت کاری اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے زیرِ زمین میزائل شہر اور امریکی بنکر بسٹر بموں کی ناکامی
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے۔ اسی سلسلے میں عباس عراقچی نے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فدان سے بھی رابطہ کیا، جس کی مزید تفصیلات ایرانی میڈیا نے جاری نہیں کیں۔
تاہم ترک خبر رساں ایجنسی اناطولو نے اس حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ہاکان فدان اور عباس عراقچی کے درمیان ہونے والی گفتگو کا محور ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکراتی عمل تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ترک وزیرِ خارجہ نے اسی سلسلے میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تہران و واشنگٹن کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












