لبنان میں اسرائیلی جارحیت جاری، خواتین و بچوں سمیت مزید 9 افراد شہید

لبنان کے جنوبی علاقے جِبشیت پر قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ کے قصبے جِبشیت پر اسرائیلی قابض افواج نے وحشیانہ فضائی حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں دو شہری شہید اور تیرہ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام اب بھی جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس حملے میں نشانہ بننے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بمباری کی شدت اتنی زیادہ تھی، کہ چار رہائشی عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں۔
لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کا تسلسل ہے، جس کا مقصد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا اور سویلین انفراسٹرکچر کو تباہ کرنا ہے۔
اسرائیلی جارحیت صرف جِبشیت تک محدود نہیں رہی بلکہ قابض فوج نے مجدل زون، المنصوری، الشہابیہ، الطیری، جویا، تولین اور خربت سلم جیسے متعدد قصبوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
البزوریہ اور طیر دبا کے درمیانی علاقوں پر بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں، جبکہ یحمر شقیف کے قصبے پر ممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال کیا گیا ہے جو کہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج میں خودکشیوں کا سنگین بحران، صرف رواں ماہ 8 اہلکاروں نے اپنی جان لے لی
صور کے ضلع میں واقع ناقورہ کے علاقے پر بھی گولہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان حملوں نے پورے جنوبی لبنان کو ایک جنگی میدان میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں انسانی جانوں کا زیاں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔
گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں مجموعی طور پر 9 افراد کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں لبنانی سول ڈیفنس کے وہ تین اہلکار بھی شامل ہیں، جو خدمات انجام دیتے ہوئے نشانہ بنے۔
صور کے علاقے سے موصول ہونے والی رپورٹس انتہائی لرزہ خیز ہیں، جہاں ایک حاملہ خاتون اپنے معصوم بچے سمیت اسرائیلی جارحیت کی بھینٹ چڑھ گئی۔
مجدل زون میں ہونے والا قتل عام اور جویا کے رہائشی مکان پر حملہ اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم کی فہرست میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ ہے۔
جویا میں ایک گھر پر ہونے والے حملے میں پندرہ افراد زخمی ہوئے، جن میں پانچ بچے شامل ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دو مارچ سے اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے لبنانی شہریوں کی تعداد 2 ہزار 534 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 7 ہزار 863 ہو چکی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ان کارروائیوں میں نہ صرف توپ خانے کا استعمال کیا جا رہا ہے، بلکہ بلڈوزروں کے ذریعے گھروں کی مسماری بھی جاری ہے، جس کے جواب میں مزاحمتی قوتوں کی جانب سے ڈرون حملوں کے ذریعے قابض فوج کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











