ایران اور لبنان کے خلاف جنگ میں یمن غیر جانبدار نہیں رہے گا، حوثیوں کا بڑا اعلان

یمن کے حوثیوں نے بحیرہ عمان میں امریکی کارروائیوں کو ’بحری قزاقی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران، لبنان اور فلسطین کے خلاف جاری جنگ میں غیر جانبدار نہیں رہیں گے۔
یمن کی حوثی تحریک نے خلیج عمان میں امریکی بحری کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ’بحری قزاقی‘ قرار دیا ہے۔
حوثی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی بحریہ کی جانب سے ایرانی تجارتی جہازوں پر حملے اور ان کے عملے کو حراست میں لینا عالمی جہاز رانی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ کے ان اقدامات کی وجہ سے پوری دنیا کو بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے کیونکہ اس سے سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے اور عالمی سطح پر خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کو لبنان میں جنگ بندی کا پابند بنایا جائے، ایران کا سلامتی کونسل سے مطالبہ
حوثیوں نے آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستوں کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے اور وہ سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی علاقائی حدود میں جہاز رانی کو محدود کر سکتے ہیں۔
حوثی قیادت نے واضح الفاظ میں پیغام دیا ہے کہ یمن، ایران، لبنان اور فلسطین کے خلاف ہونے والے حملوں پر خاموش تماشائی یا غیر جانبدار نہیں رہے گا۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے بالکل واضح اور دو ٹوک مؤقف ہے کہ وہ مظلوم قوموں کی حمایت جاری رکھیں گے اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
یمن کے گنجان آباد علاقوں بشمول دارالحکومت صنعاء پر کنٹرول رکھنے والے حوثیوں نے ماضی میں بھی ایران پر حملوں کے جواب میں اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں۔
انہوں نے دوبارہ خبردار کیا ہے کہ اگر یہ جنگ جاری رہی تو وہ باب المندب کو بھی بند کر سکتے ہیں، جو بحیرہ احمر اور نہر سویز کو ملانے والا دنیا کا ایک انتہائی اہم بحری راستہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












