ایران معاہدے کیلئے بے تاب ہے، ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے بے تاب ہے اور اس کی معیشت کے ساتھ ساتھ فوجی صلاحیتیں بھی بری طرح متاثر ہو چکی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرنے کا ذکر کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے حوالے سے ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کیا اور دعویٰ کیا کہ ایران موجودہ صورتحال میں کسی بھی قیمت پر معاہدہ کرنے کے لیے بے چین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی بھی صورت ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ ایک سادہ سی بات ہے کہ عالمی امن کے لیے یہ ناگزیر ہے۔
صدر ٹرمپ نے حالیہ فوجی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایران پر ایک انتہائی خوبصورت فوجی آپریشن کیا، جسے وہ جنگ کا نام نہیں دیں گے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خلیج فارس میں امریکہ کے بغیر نیا دور نئے دور کا آغاز ہوگا؛ مجتبیٰ خامنہ ای
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی قیادت مفلوج ہو چکی ہے، ان کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے اور وہ اپنا تیل فروخت کرنے کے قابل نہیں رہے کیونکہ امریکی پابندیاں انتہائی کامیاب ثابت ہو رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی ڈرون بنانے کی فیکٹریاں بیاسی فیصد اور میزائل فیکٹریاں نوے فیصد تک تباہ ہو چکی ہیں۔
علاقائی سیاست پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بہت بڑی جنگ کا خطرہ تھا، جسے انہوں نے اپنی مداخلت سے رکوایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ان کی اس کوشش کی تعریف کی اور کہا کہ ٹرمپ نے جنگ رکوا کر کروڑوں انسانوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔
نیٹو ممالک پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرمن چانسلر کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور ان ممالک نے امریکہ کی مدد نہیں کی۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ایران میں آپریشن کے مکمل خاتمے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہو جائیں گی اور امریکہ اٹلی و اسپین سے اپنی افواج نکالنے پر بھی غور کر سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










