جمعہ، 1-مئی،2026
جمعہ 1447/11/14هـ (01-05-2026م)

گرین پاکستان انیشیٹو کا کمال، بھکر کے ریتیلے ٹیلے جدید زرعی فارم میں تبدیل

01 مئی, 2026 09:54

گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت بھکر کے ریگستانی ٹیلوں کو صرف ساٹھ دنوں میں جدید زرعی فارم میں تبدیل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی گئی ہے۔

گرین پاکستان انیشیٹو کی بدولت ضلع بھکر میں بنجر اور غیر آباد رقبے کو ایک جدید زرعی اور برآمدی مرکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اس اہم منصوبے کے تحت ملک میں زرعی شعبے کی جدت، برآمدات میں وسعت اور خود کفالت کی جانب تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔

پینٹیرا لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرقان علی اختر کے مطابق بھکر میں اٹھارہ سو ایکڑ پر مشتمل جدید زرعی فارم کو محض ساٹھ دن کی قلیل مدت میں تیار کر کے ایک نئی مثال قائم کی گئی ہے۔

اس فارم کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں تیرہ جدید سنٹرل پیوٹ آبپاشی کے نظام نصب کیے گئے ہیں، جنہیں دو اعشاریہ چار میگاواٹ کے ہائبرڈ سولر سسٹم کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، تاکہ فصلوں کو پانی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : گرین پاکستان انیشیٹو، بنجر زمینوں پر جدید زراعت سے معاشی انقلاب دستک دینے لگا

پینٹیرا فارمز کے چیف آپریٹنگ آفیسر فاروق سعید نے اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صرف چار ماہ قبل یہ پوری زمین بیس سے پچاس فٹ بلند ریت کے ٹیلوں پر مشتمل تھی، جہاں کاشتکاری کا تصور بھی محال تھا۔

تاہم جی پی آئی کی مکمل معاونت اور جدید مشینری کے استعمال سے اسے قلیل مدت میں قابل کاشت بنایا گیا۔ اس وقت اٹھارہ سو ایکڑ میں سے تیرہ سو ایکڑ رقبہ زیر کاشت ہے، جہاں گندم اور روڈز گراس کی کاشت کی جا رہی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ یہاں پیدا ہونے والی روڈز گراس کی بیرون ملک برآمد بھی شروع کر دی گئی ہے۔

فاروق سعید کا مزید کہنا تھا کہ گرین پاکستان انیشیٹو کی مکمل تکنیکی معاونت، انفراسٹرکچر سپورٹ اور انتظامی مسائل کے فوری حل کے بغیر اتنے بڑے منصوبے کا آغاز ممکن ہی نہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گرین ایگری مال کے ذریعے کسانوں کو معیاری بیج، کھاد اور دیگر زرعی سہولیات کی شفاف اور بروقت فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔

اسی اقدام کے تحت چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کر کے پاکستان میں پہلی بار جدید ہائبرڈ بیج بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جو فصلوں کی پیداوار میں کئی گنا اضافے کا باعث بنیں گے۔ یہ منصوبہ پاکستان کی زرعی معیشت میں ایک سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔