منگل، 26-مئی،2026
منگل 1447/12/09هـ (26-05-2026م)

امریکہ کا فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی فٹبال ٹیم کی میزبانی سے انکار

26 مئی, 2026 14:47

فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی فٹبال ٹیم کی شرکت کے حوالے سے سکیورٹی اور سفارتی مسائل سامنے آئے ہیں، جس کے تحت امریکہ ایرانی ٹیم کی میزبانی نہیں کرے گا۔

آئندہ ماہ شیڈول فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی فٹبال ٹیم کی شرکت کا معاملہ ایک نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔ میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین نے باقاعدہ تصدیق کر دی ہے کہ امریکہ ایرانی فٹبال ٹیم کی میزبانی نہیں کرے گا، جس کے باعث اب ایرانی ٹیم پڑوسی ملک میکسیکو میں قیام کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی ٹیم اپنے میچ کھیلنے کے لیے صرف میچ والے دن ہی امریکہ جائے گی اور میچ ختم ہوتے ہی واپس میکسیکو لوٹ جائے گی۔ فیفا کے مطابق ایرانی فٹبال ٹیم کا مستقل تربیتی سینٹر میکسیکو کا شہر تیجوانا ہوگا۔

دوسری جانب ایران کے وزیرِ کھیل احمد دنیا مالی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ امریکہ میں داخلے کے لیے فٹبال ٹیم کو امریکی ویزے جاری کیے جائیں گے اور عالمی فٹبال فیڈریشن یعنی فیفا نے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو امریکی ویزے بروقت جاری ہونے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فٹ بال کی دنیا کا بڑا اپ سیٹ، اٹلی فیفا ورلڈ کپ 2026 سے بھی باہر

تاہم، امریکہ نے اب یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ ایرانی پاسدارِ انقلاب سے تعلق رکھنے والے مخصوص عہدیداروں اور آفیشلز کو کسی بھی صورت امریکی ویزے جاری نہیں کرے گا، جس سے معاملات میں تھوڑی تلخی پیدا ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 11 سے 19 جون تک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر شیڈول ہے۔ گروپ جی میں شامل ایران اپنے اہم میچز نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر کے خلاف کھیلے گا۔

شیڈول کے مطابق ایرانی ٹیم کے میچز امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا اور واشنگٹن میں کھیلے جائیں گے، جن کے لیے کھلاڑیوں کو میکسیکو سے امریکہ کا سفر کرنا ہوگا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔