منگل، 16-جون،2026
منگل 1448/01/01هـ (16-06-2026م)

دبئی میں کرکٹ میچ کے دوران بھارتی نژاد کھلاڑی محمد سفوان شانو انتقال کر گئے

16 جون, 2026 14:09

دبئی میں مقیم 38 سالہ بھارتی نژاد کرکٹر محمد سفوان شانو کرکٹ میچ کے دوران اچانک گر کر انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق سفوان شانو اتوار کی صبح معمول کے ہفتہ وار کرکٹ میچ میں بیٹنگ کر رہے تھے کہ اچانک زمین پر گر پڑے اور بے ہوش ہو گئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

ان کے قریبی دوست نبیل کے مطابق میچ کے دوران سب کچھ معمول کے مطابق تھا اور کسی بیماری یا تکلیف کے آثار ظاہر نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفوان اچانک گر گئے اور تمام کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔

محمد سفوان شانو گزشتہ 15 برس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تھے اور مقامی کرکٹ کمیونٹی کا فعال حصہ تھے۔ وہ مختلف ٹیموں کی نمائندگی اور کپتانی بھی کر چکے تھے جبکہ کئی ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی پر انعامات بھی حاصل کیے۔

ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں ایک باصلاحیت بلے باز اور انتہائی خوش اخلاق انسان قرار دیا ہے۔

مرحوم کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹک کے علاقے بھٹکل سے تھا۔ وہ اپنے پیچھے اہلیہ، تین بیٹے اور چار ماہ کی ایک بیٹی سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔