منگل، 23-جون،2026
منگل 1448/01/08هـ (23-06-2026م)

ایران کے بعد کیا ترکیہ اسرائیل کا اگلا ہدف ہو سکتا ہے؟

23 جون, 2026 09:52

مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال کے درمیان یہ سوال تیزی سے اٹھ رہا ہے کہ کیا ایران کی جنگ کے بعد ترکیہ اسرائیل کا اگلا فوجی ہدف ہو سکتا ہے؟

جغرافیائی اور سیاسی تجزیہ کار محمود علوش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ اور اسرائیل کے تعلقات عارضی سفارتی بحران سے نکل کر اب ایک شدید تزویراتی رقابت کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

یہ رقابت شام کی صورتحال، مشرقی بحیرہ روم کے سمندری راستوں اور تجارتی راہداریوں تک پھیلی ہوئی ہے۔ اسرائیل میں 17 فروری 2026 کو ہونے والی ایک کانفرنس میں سابق اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ نے یہ بیان دے کر تنازع کھڑا کر دیا کہ ترکیہ اب نیا ایران ہے۔ اس کا مطلب یہ لیا جا رہا ہے کہ ایران کی جنگ ختم ہونے کے بعد اسرائیل کا اگلا ہدف ترکی ہوگا۔

اس کے علاوہ امریکی صحافی برادلی مارٹن نے وال اسٹریٹ جرنل میں 4 مارچ کو ایک مضمون لکھا، جس کا عنوان تھا ترکیہ کو روکنے کی اشد ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کس طرح امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کو ناکام بنا سکتا ہے؟

پینٹاگون کے سابق اہلکار مائیکل روبن نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا کہ کیا انقرہ 2036 میں ویسا ہی ہوگا، جیسا ایران 2026 میں ہے؟ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ اسرائیل ترکیہ کی فوجی طاقت کم کرنے کے لیے اس کے ایف 16 طیاروں پر پیشگی حملہ کر سکتا ہے۔

دوسری طرف ترکیہ خود بھی اس خطرے کو محسوس کر رہا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان نے حال ہی میں کہا تھا کہ ترکیہ کی سیکورٹی کا آغاز بیروت اور دمشق سے ہوتا ہے، جس کا مقصد اسرائیل کو لبنان یا شام میں بڑی فوجی کارروائی سے روکنا ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکیہ اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست فوجی جنگ کا امکان بہت کم ہے کیونکہ ترکی نیٹو کا ایک بڑا رکن ہے، اس کی جغرافیائی پوزیشن انتہائی اہم ہے اور اس کی اپنی دفاعی صنعت اب بہت مضبوط ہو چکی ہے۔

ترکیہ نے 1974 میں قبرص کے بحران کے بعد امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی گھریلو دفاعی صنعت کی بنیاد رکھی تھی، جو اب بہت جدید ہو چکی ہے، اس لیے ترکیہ سے ٹکرانا اسرائیل کے لیے بہت بڑی عالمی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

Catch all the تجزیہ و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔