ہفتہ، 27-جون،2026
ہفتہ 1448/01/12هـ (27-06-2026م)

وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتیں 920 سے متجاوز، ہزاروں زخمی و لاپتا

27 جون, 2026 11:45

کاراکاس: جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 920 سے تجاوز کر چکی ہے۔ زلزلوں سے دارالحکومت کاراکاس سمیت کئی علاقوں میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

مقامی حکام کے مطابق سیکڑوں عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں اور درجنوں افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ابتدائی اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 13 اسپتال، 25 شاپنگ سینٹرز اور 1,002 دیگر ڈھانچے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

زلزلوں میں 4,300 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں شہری لاپتا ہیں۔ سائمن بولیوار ایئرپورٹ کی بندش کے باعث بین الاقوامی امداد کی ترسیل اور ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دنیا بھر سے امدادی سامان اور رضاکار متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔ مواصلاتی نظام کی بحالی کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ہنگامی امدادی کارروائیاں ناکافی ہیں اور وہ ملبہ ہٹانے کے لیے شہری رضاکاروں سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔

وینزویلا پہلے ہی سیاسی اور مالی بحران کا شکار ہے جس کے باعث ریسکیو اور بحالی کے کام میں پیچیدگیاں بڑھ گئی ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کے حوالے سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق طویل عرصے سے فنڈز کی کمی کے باعث ملک کا صحت کا نظام اچانک بڑھنے والے مریضوں کے دباؤ سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں۔ زخمیوں کی بڑی تعداد کے باعث اسپتالوں پر شدید بوجھ ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی فوج بھی وینزویلا میں امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں امریکی اسپیشل فورسز نے اس وقت کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی تھی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔