فٹبال ورلڈ کپ، الجزائر اور آسٹریا کا میچ 3-3 سے برابر، ایران ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا

ورلڈ کپ فٹبال کے ایک اور انتہائی سنسنی خیز میچ میں الجزائر اور آسٹریا کے درمیان مقابلہ 3-3 گول سے برابر ہو گیا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جبکہ ایران ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔
امریکہ کے شہر کینساس سٹی میں ورلڈ کپ گروپ جے کے آخری میچ میں الجزائر اور آسٹریا کے درمیان مقابلہ 3-3 سے برابر رہا۔
دونوں ٹیمیں یہ بات اچھی طرح جانتی تھیں کہ صرف ایک میچ برابر کھیلنے کی صورت میں بھی وہ دونوں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی، لیکن انہوں نے ایک سنسنی خیز کھیل پیش کیا۔
میچ کا اختتام اتنا ڈرامائی تھا کہ کھیل کے آخری لمحات میں الجزائر نے برتری حاصل کی، لیکن آسٹریا نے آخری سیکنڈز میں گول کر کے اس کا جواب دے دیا، جس سے دونوں ٹیموں کا فائدہ ہوا لیکن ایران کا دل ٹوٹ گیا، جو اس برابر نتیجے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔
آسٹریا کے کوچ رالف رنگنک نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ 40 سال سے کوچنگ کر رہے ہیں، لیکن انہوں نے اج تک ایسا ڈرامائی میچ نہیں دیکھا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی فٹ بال کوچ کا فیفا سے امریکہ کے غیر منصفانہ رویے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
میچ کے پہلے ہاف میں آسٹریا کے مارکو ارناؤٹووچ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے الجزائر کے رفیق بلغالی نے گول کر کے اسکور 1-1 برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف میں آسٹریا کے مارسیل سبٹزر نے دوسرا گول کیا، لیکن صرف 5 منٹ بعد الجزائر کے ریاض محریز نے گول کر کے میچ پھر 2-2 سے برابر کر دیا۔
کھیل کے 93 ویں منٹ میں ریاض محریز نے اپنا دوسرا گول کر کے الجزائر کو 3-2 کی برتری دلا دی، جس سے آسٹریا ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا، لیکن 96 ویں منٹ میں آسٹریا کے ساشا کالاجدزک نے ہیڈ کے ذریعے شاندار گول کر کے میچ 3-3 سے برابر کر دیا۔
اس برابر میچ کے بعد آسٹریا کا مقابلہ اب لاس اینجلس میں اسپین سے ہوگا جبکہ الجزائر کی ٹیم وینکور میں سوئزرلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











