منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

سوئی ناردرن گیس کمپنی کا بینک کو 50 ارب روپے کا قرض ادا کرنے سے معذرت

30 جون, 2026 15:48

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے شدید مالی بحران کے باعث بینک کو 50 ارب روپے کا قرض وقت پر ادا کرنے سے معذرت کر لی ہے، حکومت سے اپنی گارنٹی کی مدت میں 2030 تک توسیع مانگ لی۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے بینک کو بروقت 50 ارب روپے کا قرض ادا کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس این جی پی ایل نے پاکستان اسٹیٹ آئل کو واجبات کی ادائیگی کے لیے ایک نجی بینک سے 50 ارب روپے کا یہ قرض لیا تھا، جو نجی بینک نے 2023 میں حکومت کی گارنٹی پر سوئی ناردرن گیس کمپنی کو فراہم کیا تھا۔

اب ایس این جی پی ایل نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ اس قرض کی سرکاری گارنٹی میں 30 جون 2030 تک توسیع کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : اسٹیٹ بینک کا تمام بینکوں کو ہدایت نامہ جاری، شہریوں کے اکاؤنٹس بلاک کرنے پر پابندی لگادی

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف ادوار میں گیس کی قیمتوں میں بروقت اضافہ نہ ہونے کے باعث سوئی ناردرن گیس کمپنی پر 819 ارب روپے کا بھاری مالی بوجھ پڑا ہے، جبکہ مارکیٹ سے کم قیمت پر ایل این جی گھریلو صارفین کو دینے کی وجہ سے بھی کمپنی کے مالی خسارے میں ہولناک اضافہ ہوا ہے۔

دسمبر 2025 تک ایس این جی پی ایل کے قابل وصول واجبات ایک ہزار 95 ارب روپے تک پہنچ چکے تھے، جبکہ تاخیر سے ادائیگی پر سرچارج کی رقم ہی صرف 931 ارب روپے ہو گئی تھی۔

پٹرولیم ڈویژن نے اس حوالے سے سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان رواں سال مارچ اور مئی میں آئی ایم ایف کو پیش کیا تھا، تاہم آئی ایم ایف کے تمام سوالات کے جوابات جمع کرانے کے باوجود یہ پلان اب تک فائنل نہیں ہو سکا ہے، جس کی وجہ سے کمپنی شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔