ہفتہ، 4-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/19هـ (04-07-2026م)

تہران میں شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو الوداع کہنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد مصلیٰ امام خمینی پہنچنے لگی

04 جولائی, 2026 09:20

ایران کے دارالحکومت تہران میں شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی سے آخری الوداع کے لیے عوام کی بڑی تعداد مصلیٰ امام خمینی پہنچنا شروع ہوگئی ہے، جہاں سوگواروں کی آمد کا سلسلہ علی الصبح سے جاری ہے۔

ایرانی وقت کے مطابق مصلیٰ امام خمینی کے دروازے صبح 5 بجے عوام کے لیے کھول دیے گئے، جس کے بعد لاکھوں کی تعداد میں مرد، خواتین، بزرگ اور نوجوان رہبرِ انقلاب کو آخری سلام پیش کرنے کے لیے مقامِ تعزیت میں داخل ہونے لگے۔ مصلیٰ کے اندر اور اطراف میں سوگ، عقیدت اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں، جبکہ شرکا آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ شہید رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

تہران میں غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات

شہید رہبرِ انقلاب کی آخری رسومات کے موقع پر تہران بھر میں ہائی الرٹ سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں، مذہبی و سرکاری مقامات اور خصوصی طور پر مصلیٰ امام خمینی کے اطراف میں سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ عوام کے بڑے اجتماع کو محفوظ بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے ہر ممکن صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ رسومات میں شرکت کے لیے آنے والے قافلوں کی نقل و حرکت کو منظم انداز میں مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

زائرین کی خدمت کے لیے مواکب قائم

مصلیٰ امام خمینی کے اطراف میں آنے والے عزاداروں اور زائرین کی سہولت کے لیے متعدد مواکب قائم کیے گئے ہیں۔ ان مواکب میں شرکا کے لیے خوراک، پانی، چائے، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مقامی رضاکار، فلاحی تنظیمیں اور مختلف سماجی حلقے ان مواکب کے ذریعے زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں، جبکہ تہران کے شہری بھی اس موقع پر بھرپور تعاون کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

تہران کے شہریوں کی مثالی مہمان نوازی

رپورٹس کے مطابق تہران کے متعدد شہریوں نے بیرونِ شہر سے آنے والے سوگواروں کے لیے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں سے قافلوں کی شکل میں آنے والے عزاداروں کے قیام و طعام کے لیے عوامی سطح پر غیر معمولی انتظامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

اس صورتحال نے ایرانی معاشرے میں عوامی یکجہتی، عقیدت اور مہمان نوازی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے، جہاں شہری اپنے شہید رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آنے والوں کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔

ملک بھر سے قافلوں کی تہران آمد جاری

شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ایران کے مختلف شہروں سے قافلوں کی تہران آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ عوام کی بڑی تعداد سڑکوں، بس اڈوں اور دیگر راستوں کے ذریعے تہران پہنچ رہی ہے تاکہ اپنے محبوب رہنما کے جسدِ خاکی سے آخری دیدار اور الوداع کر سکے۔

تہران میں جاری یہ مناظر اس بات کی عکاسی کر رہے ہیں کہ شہید رہبرِ انقلاب کی شخصیت اور قیادت کو ایرانی عوام کے دلوں میں کس قدر احترام اور محبت حاصل تھی، اور یہی وجہ ہے کہ آج پورا ملک غم، عقیدت اور اتحاد کی کیفیت میں دکھائی دے رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔