ہفتہ، 4-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/19هـ (04-07-2026م)

جنگ کے بعد حالات بدل چکے، امریکا کو نئے تجارتی حقائق تسلیم کرنا ہوں گے؛ باقر قالیباف

04 جولائی, 2026 10:19

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے ساتھ حالیہ جنگی صورتحال کے بعد خطے کے حالات مکمل طور پر تبدیل ہو چکے ہیں، اور اب امریکا کو تجارت کے حوالے سے نئے زمینی حقائق کو تسلیم کرنا ہوگا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ازبکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کے دوران باقر قالیباف نے کہا کہ جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پہلے سے مختلف ہے اور حالیہ پیشرفت نے امریکا کو نئے سیاسی و معاشی حقائق قبول کرنے پر مجبور کیا ہے۔

باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ یا وسیع تر تجارتی روابط کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

ان کے مطابق خطے میں بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر مستقبل میں پابندیوں میں نرمی کی بنیاد بھی رکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں ٹرانزٹ اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں کھل سکتی ہیں، خاص طور پر خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں مشترکہ انتظامی اور علاقائی تعاون کے باعث مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔

ایرانی اسپیکر نے واضح کیا کہ ایران آبنائے ہرمز میں کسی بھی بیرونی طاقت کی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اہم آبی گزرگاہ میں ایران اور عمان کے مشترکہ انتظام اور خطے میں امریکی سرگرمیوں میں کمی کے باعث صورتحال نسبتاً مستحکم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تبدیلیوں سے ٹرانزٹ اور تجارتی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔

چینی پیپلز کانگریس کے نائب صدر سے ملاقات کے دوران باقر قالیباف نے ایران اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین ایک ایسا ملک ہے جو مشکل وقتوں میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے مضبوط تعلقات عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے آبنائے ہرمز میں چینی جہازوں کی آمد و رفت سے متعلق مسائل کے حل کا بھی ذکر کیا۔

باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ اسرائیل امریکا کے ساتھ کسی بھی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

تاہم ان کے مطابق ایران کی دفاعی صلاحیتیں خطے میں کسی نئی جنگ کے آغاز کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگیوں کو کم کرنے کے لیے منظم حکمتِ عملی اور درست سیاسی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس موقع پر چینی وفد نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کا اعادہ کیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔