منگل، 7-جولائی،2026
منگل 1448/01/22هـ (07-07-2026م)

آئی سی سی اجلاس میں کرکٹ فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں پر غور، ون ڈے 50 سے 40 اوورز کرنے کی تجویز متوقع

07 جولائی, 2026 14:06

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ چار روزہ اجلاس کل اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرگ میں شروع ہوگا، جس میں عالمی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق کئی اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کرکٹ کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی جائیں گی، جن میں سب سے اہم ون ڈے کرکٹ فارمیٹ میں تبدیلی کی تجویز شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے کرکٹ کے 50 اوورز کے فارمیٹ کو کم کرکے 40 اوورز تک محدود کرنے کی تجویز اجلاس میں زیر غور آ سکتی ہے۔ اس تجویز کا مقصد میچز کے دورانیے کو کم کرکے شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنا اور کرکٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

کانٹینینٹل چیمپئن شپ اور ورلڈ کلب چیمپئن شپ پر غور

آئی سی سی اجلاس میں مختلف براعظموں کی ٹیموں کے درمیان کانٹینینٹل چیمپئن شپ کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلی بار ورلڈ کلب چیمپئن شپ کرانے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا، جس میں دنیا بھر کی نمایاں کلب ٹیموں کو شامل کرنے کی تجویز سامنے آ سکتی ہے۔

تینوں فارمیٹس کے لیے الگ ونڈوز کی تجویز

بین الاقوامی کرکٹ کے مصروف شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے اجلاس میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹس کے لیے الگ الگ ونڈوز مختص کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئے گی، تاکہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کو بہتر منصوبہ بندی کا موقع مل سکے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں توسیع کا امکان

ذرائع کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (WTC) میں ٹیموں کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کرنے کی تجویز بھی اجلاس میں پیش کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ دو ممالک کے درمیان کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ کو بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس سسٹم میں شامل کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔

آئی سی سی اجلاس میں ہونے والے فیصلے عالمی کرکٹ کے مستقبل، شیڈولنگ اور مختلف فارمیٹس کے انداز پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔