منگل، 7-جولائی،2026
منگل 1448/01/22هـ (07-07-2026م)

افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زادران 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

07 جولائی, 2026 14:57

کابل: افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شاپور زادران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

افغان کرکٹر گزشتہ کئی ماہ سے بھارت کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ قوت مدافعت کو متاثر کرنے والی ایک نایاب اور جان لیوا بیماری کا علاج کرا رہے تھے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

شاپور زادران افغانستان کرکٹ کے ابتدائی دور کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے، جنہوں نے ٹیم کو عالمی سطح پر شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 44 ایک روزہ (ون ڈے) اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ اپنی تیز رفتار باؤلنگ اور جارحانہ انداز کے باعث وہ افغان ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل رہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے شاپور زادران کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملک کی کرکٹ کا اہم ستون قرار دیا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق شاپور زادران ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے افغانستان کرکٹ کی بنیاد مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی محنت، لگن اور عزم نے افغان کرکٹ کو عالمی سطح پر مقام بنانے میں مدد دی۔

بورڈ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ شاپور زادران میدان کے اندر اپنی کارکردگی کے ساتھ ساتھ میدان سے باہر بھی نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک متاثر کن شخصیت تھے۔ ان کی جدوجہد اور کھیل سے محبت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

شاپور زادران کے انتقال پر کرکٹ حلقوں اور دنیا بھر میں موجود شائقین کرکٹ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔