اتوار، 12-جولائی،2026
اتوار 1448/01/27هـ (12-07-2026م)

ارجنٹائن نے اضافی وقت میں سوئزرلینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

12 جولائی, 2026 10:18

دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے ایک سخت اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد سوئزرلینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

کنساس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں ارجنٹائن نے جارحانہ آغاز کیا اور 10 ویں منٹ میں لیونل میسی کے بہترین پاس پر الیکس میک الیسٹر نے ہیڈ کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔

اس کے بعد سوئزرلینڈ نے شاندار کھیل پیش کیا اور 67 ویں منٹ میں ڈین نڈوئے نے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔

میچ میں اس وقت بڑا موڑ آیا، جب 72 ویں منٹ میں سوئس کھلاڑی بریل ایمبولو کو فاؤل کا ڈراما کرنے پر دوسرا پیلا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس پر وہ مایوس نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیں : جوڈ بیلنگھم کے 2 گول، انگلینڈ ناروے کو ہرا کر فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

مقررہ وقت تک میچ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد کھیل اضافی وقت میں چلا گیا۔ 112 ویں منٹ میں جولین الوریز نے 25 گز کے فاصلے سے ایک انتہائی خوبصورت اور زوردار شاٹ کے ذریعے گول کر کے ارجنٹائن کو 2-1 کی برتری دلائی۔

میچ کے آخری سیکنڈز میں جب سوئزرلینڈ کی ٹیم نے حملہ کرنے کے لیے اپنے کھلاڑی آگے بھیجے تو ارجنٹائن نے جوابی حملے کا فائدہ اٹھایا اور لاؤتارو مارٹنیز نے تیسرا گول کر کے اسکور 3-1 کر دیا۔

اب ارجنٹائن بدھ کے روز اٹلانٹا میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسپین اور فرانس کا مقابلہ ہوگا

۔ 39 سالہ لیونل میسی کی ٹیم اب تاریخ میں تیسری بار اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے خواب سے صرف 2 قدم دوری پر ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔