امریکی صدر کا بورڈ آف پیس کے تحت غزہ میں حماس کے ہتھیار ڈالنے اور اسرائیلی انخلا کے معاہدے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں حماس کے ہتھیار ڈالنے اور اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا کے حوالے سے تاریخی امن معاہدے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے تحت ایک تاریخی معاہدے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت غزہ میں حماس اور تمام مسلح گروہوں کا مکمل خاتمہ اور ہتھیاروں کو تحویل میں لیا جائے گا۔
اس معاہدے کو شرم الشیخ امن فریم ورک پر عملدرآمد کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اعلان سے قبل شرم الشیخ معاہدے کی دستاویز کی شق 8 سامنے آئی تھی، جس میں قومی کمیٹی اور عالمی نگرانی کمیٹی کے تحت بھاری ہتھیاروں، سرنگوں اور فوجی ڈھانچے کو مرحلہ وار محفوظ کرنے کا طریقہ کار بتایا گیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ اس معاہدے پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا اور جیسے جیسے ہتھیاروں کی تحویل کا عمل آگے بڑھے گا، اسرائیلی غاصب افواج غزہ سے پیچھے ہٹتی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ہمارا کوئی ایف 35 یا دیگر طیارہ تباہ نہیں ہوا، امریکی فوج نے ایرانی دعوؤں کی تردید کردی
ایک عالمی استحکام فورس کی تشکیل کی جائے گی، جو نو تشکیل شدہ فلسطینی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں سیکیورٹی کے امور سنبھالے گی۔
اس معاہدے کا مقصد ایک نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرنا ہے جو بورڈ آف پیس کے ساتھ تعاون کرے گی اور یہ یقینی بنائے گی کہ غزہ کا علاقہ دوبارہ کسی جنگ کے لیے استعمال نہ ہو۔
شائع شدہ دستاویز کے مطابق بھاری ہتھیاروں کی گنتی اور انہیں ذخیرہ کرنے کا عمل شرم الشیخ پروٹوکول کی دیگر شرائط کی تکمیل اور قومی کمیٹی کی تعیناتی کے بعد شروع ہوگا۔
اس میں یہ شرط بھی شامل ہے کہ فلسطینی دھڑے اس عمل میں حصہ لیں گے اور کوئی بھی ہتھیار اسرائیل یا کسی غیر فلسطینی فریق کو نہیں سونپا جائے گا۔
ٹرمپ نے مصر، قطر اور ترکیہ کا ان کی ثالثی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور اسے اپنے 20 نکاتی منصوبے کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے پیدا ہونے والے خطرے کو دوبارہ پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور غزہ بالآخر ایک نئی فلسطینی حکومت کے ہاتھ میں ہوگا، جو اپنے عوام کی خدمت کرے گی۔
بورڈ آف پیس کے حکام نے واضح کیا ہے کہ تفصیلی شرائط کا اعلان آنے والے 2 ہفتوں میں کیا جائے گا اور ایک مرحلے کی مکمل تصدیق کے بعد ہی اگلے مرحلے کی طرف بڑھا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











