جمعہ، 14-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی جاں بحق، 12 افراد زخمی

07 اگست, 2026 10:40

تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے کھلاڑیوں اور شائقین کو خوفزدہ کردیا۔

تھائی لینڈ میں شدید بارش کے دوران اچانک آسمانی بجلی فٹبال گراؤنڈ میں موجود ایک کھلاڑی پر جا گری۔ بجلی گرنے کے نتیجے میں 24 سالہ کھلاڑی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ واقعے میں 12 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ 4 اگست کی شام تھائی لینڈ کے صوبہ ناراتھیوات کے علاقے سنگائی کولوک میں واقع سنتی پھاپ اسٹیڈیم میں پیش آیا۔ اس وقت علاقائی گولوک ایف اے کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل جاری تھا۔ میچ میں ابو ایکس نونگ سیرن اور سام کولٹ کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

مقامی پولیس کے مطابق میچ کے دوران موسم خراب ہوگیا تھا اور شدید بارش جاری تھی۔ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً ساڑھے 5 بجے اچانک آسمانی بجلی گری۔ اس کی زد میں آنے والے کھلاڑی کی شناخت سوفوان اوائے کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ان کی عمر 24 سال تھی۔

آسمانی بجلی گرنے کے فوراً بعد گراؤنڈ میں موجود افراد میں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ واقعے میں 12 افراد بھی زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک ملائیشین کھلاڑی بھی شامل بتایا گیا ہے۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق کچھ زخمیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم چند زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ متاثرہ افراد کو اسپتال میں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ سام کولٹ ایک مشترکہ ٹیم ہے۔ اس میں تھائی لینڈ اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شامل ہیں۔ میچ کے دوران موسم کی خراب صورتحال نے کھیل کو خطرناک بنا دیا۔ واقعے کے بعد کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی حفاظت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔