بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

ٹرمپ کی شکست عالمی میڈیا کی زینت بن گئی، ایران کا مؤقف مضبوط ہوگیا

08 اگست, 2026 11:35

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ غیر ملکی میڈیا کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگ میں ناکامی کا اعتراف ایرانی انقلابی میڈیا کی جانب سے دشمن کے گمراہ کن بیانیے کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

ایران کے قومی یومِ صحافت کے موقع پر جاری بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے مشکل حالات میں عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے، امید، آگاہی اور سچائی کو برقرار رکھنے میں صحافیوں کے کردار کو سراہا۔

بیان میں کہا گیا کہ خطہ اور دنیا عصرِ حاضر کی پیچیدہ اور فیصلہ کن جنگوں میں سے ایک کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف حالیہ جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے اعلان کردہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی اور اسرائیلی فوجی و میڈیا مہم کے باوجود واشنگٹن اور تل ابیب اپنے مقاصد حاصل نہ کرسکے، جبکہ تنازع نے مغربی اتحادیوں کے درمیان اختلافات اور ان کے اثر و رسوخ میں کمی کو بھی نمایاں کردیا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ دنیا بھر کے متعدد میڈیا ادارے اب واشنگٹن کی ایران کے خلاف کامیابی حاصل نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ٹرمپ کی شکست اور ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کے پیدا کردہ جال کا ذکر کر رہے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو امریکی پسپائی کی دستاویز قرار دیا گیا، جو ایران کی دفاعی صلاحیت، مزاحمت اور مذاکراتی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔

بیان میں ایران کی فوجی طاقت اور دفاعی صلاحیت کو ملکی قیادت کے اسٹریٹجک فیصلوں، ایرانی عوام کی استقامت اور مسلح افواج کی حمایت کا نتیجہ قرار دیا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب نے ایرانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انقلابی میڈیا اداروں کی مؤثر اور درست کوششوں نے دشمن کے گمراہ کن پروپیگنڈے، غلط معلومات اور مبالغہ آرائی کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

بیان میں ایران کے مخالفین پر مصنوعی ذہانت سمیت ہائبرڈ اور سائبر جنگی ذرائع استعمال کرکے حقائق کو مسخ کرنے اور ایرانی عوام اور اسلامی جمہوریہ کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششوں کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حالیہ بدامنی کے تجربے نے یہ ثابت کیا کہ کسی بھی تنازع میں میڈیا اور بیانیے کا محاذ انتہائی پیچیدہ اور اہمیت کا حامل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جو فریق سب سے پہلے، زیادہ درست اور دانش مندانہ انداز میں میدان میں اترے گا، ابتدائی بیانیہ اسی کا ہوگا۔

پاسدارانِ انقلاب نے حالیہ جنگ کے دوران بروقت واقعات رپورٹ کرنے، شہریوں کی موجودگی اور مزاحمت کو اجاگر کرنے، متاثرین اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات سامنے لانے اور قومی یکجہتی کو نمایاں کرنے والے صحافیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

بیان میں ان صحافیوں کو بھی سراہا گیا جنہوں نے خطرات اور مشکل حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں اور فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے قومی یومِ صحافت کے موقع پر صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں آگاہی اور قلم کے محاذ کے سپاہی قرار دیا جو بیانیے اور سچائی کے محاذ کا دفاع کرتے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔