جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

موبائل صارفین کے لیے بڑی سہولت، پی ٹی اے نے نیا پورٹل متعارف کرا دیا

10 اگست, 2026 09:53

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے موبائل صارفین کی سہولت کے لیے نیا پورٹل متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے مختلف موبائل کمپنیوں کے کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پیکجز کا ایک ہی پلیٹ فارم پر موازنہ کیا جا سکے گا۔

پی ٹی اے کے مطابق نیا پورٹل ادارے کی ویب سائٹ کے صارف آگاہی سیکشن میں شامل کیا گیا ہے۔ صارفین جاز، زونگ، یوفون اور ٹیلی نار پاکستان سمیت مختلف موبائل آپریٹرز کے دستیاب پیکجز کا تقابلی جائزہ لے سکیں گے۔

نئے پورٹل پر مختلف پیکجز کی قیمت، انٹرنیٹ ڈیٹا، کال منٹس، ایس ایم ایس اور دیگر سہولیات سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی، جس سے صارفین کو اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق موزوں پیکج کا انتخاب کرنے میں آسانی ہوگی۔

موبائل پیکجز کی پرانی قیمتیں بھی دیکھی جاسکیں گی

پی ٹی اے کے نئے پورٹل کی اہم خصوصیت پیکجز کی قیمتوں میں وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کی سہولت ہے۔ صارفین موجودہ قیمت کے ساتھ یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ کسی مخصوص پیکج کی قیمت گزشتہ چند ماہ یا برسوں کے دوران کس طرح تبدیل ہوئی۔

اس سہولت کے ذریعے صارفین مختلف موبائل آپریٹرز کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کے رجحان کو بھی سمجھ سکیں گے اور پیکج کی تاریخی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر فیصلہ کرسکیں گے۔

کال، انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس پیکجز کا موازنہ آسان

زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین مختلف ڈیٹا پیکجز کا موازنہ کرسکیں گے، جبکہ زیادہ کال کرنے والے افراد کال منٹس پر مبنی پیکجز کا تقابلی جائزہ لے سکیں گے۔ اسی طرح ایس ایم ایس زیادہ استعمال کرنے والے صارفین بھی اپنی ضرورت کے مطابق موزوں پیکج تلاش کرسکیں گے۔

ایک ہی پلیٹ فارم پر معلومات دستیاب ہونے کے باعث صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کی ویب سائٹس یا ایپس پر الگ الگ معلومات تلاش کرنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئے پورٹل کا بنیادی مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو موبائل پیکجز کی قیمتوں اور سہولیات میں ہونے والی تبدیلیوں سے بروقت آگاہ رکھنا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق باخبر صارف اپنے استعمال، ضروریات اور بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر فیصلہ کرسکتا ہے، جبکہ یہ سہولت صارفین کو غیر ضروری اخراجات سے بچنے اور اپنے لیے زیادہ موزوں موبائل پیکج منتخب کرنے میں بھی مدد دے گی۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔