امریکی بحریہ نے پوری آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کردیا ہے، امریکی صدر کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو صاف کر دیا ہے، جبکہ ایران کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے انہوں نے کوئی واضح تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف کارروائی مزید تیز کر سکتا ہے اور تہران سے ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ بھی طلب کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت آبنائے ہرمز پر کنٹرول امریکی بحریہ کے پاس ہے۔ ان کے بقول، امریکی ناکہ بندی انتہائی مؤثر رہی ہے اور اسے ایک ’’فولادی دیوار‘‘ سے تشبیہ دی جا سکتی ہے، جس کے ذریعے صرف ان ہی افراد یا جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی جاتی ہے جنہیں امریکا اجازت دیتا ہے۔
ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی سکیورٹی صورتحال کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کبھی کبھار اس اہم آبی گزرگاہ میں بارودی سرنگیں بچھا دیتا ہے۔ تاہم ان کے مطابق امریکی فوج ان سرنگوں کا سراغ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے مکمل طور پر صاف کر دیا ہے۔
آبنائے ہرمز کی اہمیت
آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کو ملانے والی ایک انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی ترسیل کے لیے اس آبی راستے کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، اسی وجہ سے یہاں پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کی صورتحال پہلے ہی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس راستے میں ممکنہ رکاوٹ یا سکیورٹی خطرات سے نہ صرف خطے میں بحری نقل و حرکت متاثر ہو سکتی ہے بلکہ عالمی توانائی کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












