یوناما رپورٹ نے طالبان رجیم کا پول کھول دیا، احتساب اور شفافیت کے دعوے بے نقاب

جنگی محاذ کے بعد افغان طالبان کو سوشل میڈیا پر بھی رسوائی کا سامنا، جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب
کابل: افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) نے ملک کے سیکیورٹی سیکٹر میں احتساب سے متعلق اپنی نئی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں طالبان کے قانونی، انتظامی اور سیکیورٹی ڈھانچے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے دعوائے شفافیت اور زمینی صورتحال کے درمیان نمایاں فرق کی نشاندہی کی گئی ہے۔
یوناما کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے اگست 2021 میں افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سابق جنگجوؤں کو مختلف سیکیورٹی اداروں میں شامل کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق طالبان جنگجو پولیس، انٹیلی جنس، فوج اور جیلوں سمیت مختلف اہم اداروں میں ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کا سابق آئینی اور قانونی ڈھانچہ معطل یا منسوخ کردیا گیا، جبکہ سابق ریاستی قوانین کی جگہ ایک ایسا قانونی نظام تشکیل دیا گیا جس پر مذہبی اور نظریاتی تشریحات کا گہرا اثر ہے۔
یوناما کا کہنا ہے کہ طالبان سربراہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے احکامات ملک کے سیکیورٹی اداروں، عدلیہ اور انتظامیہ کے لیے بنیادی رہنما اصول کی حیثیت رکھتے ہیں۔ رپورٹ میں اس نظام کے تحت اختیارات کی مرکزیت اور احتساب کے مؤثر طریقہ کار سے متعلق خدشات بھی اجاگر کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں طالبان کے فوجی عدالتوں کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ یوناما کے مطابق ان عدالتوں میں ملزمان کو وکیل تک مؤثر رسائی اور فیصلوں کے خلاف مؤثر اپیل کے حق سمیت بنیادی قانونی ضمانتوں سے متعلق سنگین خدشات موجود ہیں۔
یوناما کی رپورٹ میں مجموعی طور پر افغانستان کے موجودہ سیکیورٹی اور قانونی نظام میں شفافیت، نگرانی اور جواب دہی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ ڈھانچے میں فیصلہ سازی اور انتظامی اختیارات کے ارتکاز نے آزادانہ احتساب کے حوالے سے کئی سوالات پیدا کیے ہیں۔
اقوام متحدہ کا مشن افغانستان میں انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور ادارہ جاتی احتساب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھتا ہے۔ نئی رپورٹ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس میں طالبان کے موجودہ انتظامی و سیکیورٹی نظام اور اس کے عملی اثرات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










