جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

پاکستان میں کن موبائل فونز پر ای سم استعمال ہوسکے گی؟ پی ٹی اے نے اہم تفصیلات بتادیں

12 اگست, 2026 12:25

پاکستان میں ای سم کے فروغ کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نئی پالیسی متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے، جس کے تحت صارفین کے لیے ای سم کی ابتدائی فیس 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نئی پالیسی 17 اگست 2026 سے نافذ ہوگی۔

پی ٹی اے نے ایک ای سم کو ایک موبائل فون سے دوسرے فون میں کم از کم 10 مرتبہ مفت منتقل کرنے کی اجازت بھی دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ای سم کے استعمال کو آسان اور زیادہ صارف دوست بنانا ہے۔

ملک میں ای سم کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں فعال موبائل کنکشنز کی تعداد 19 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ اسمارٹ فونز کا تناسب تقریباً 55 سے 60 فیصد ہے۔ اس حساب سے ملک میں تقریباً 10 سے 11 کروڑ افراد اسمارٹ فونز استعمال کررہے ہیں۔

تاہم ای سم کی سہولت استعمال کرنے کے قابل اسمارٹ فونز کی تعداد اس وقت مجموعی زیرِ استعمال اسمارٹ فونز کے مقابلے میں محدود ہے۔ اندازے کے مطابق تقریباً 8 سے 12 فیصد اسمارٹ فونز میں ای سم کی سہولت دستیاب ہے۔

ای سم کی محدود دستیابی کی بڑی وجہ اس ٹیکنالوجی کے لیے درکار ہارڈویئر ہے، جو اس وقت زیادہ تر فلیگ شپ اور بعض مڈ رینج اسمارٹ فونز میں موجود ہے۔ ایپل کے آئی فون ایکس ایس اور اس کے بعد کے متعدد ماڈلز، سام سنگ کی ایس سیریز اور نوٹ سیریز، گوگل پکسل جبکہ شیاؤمی اور موٹرولا کے بعض اعلیٰ ماڈلز ای سم کو سپورٹ کرتے ہیں۔

اس کے برعکس پاکستان کی موبائل مارکیٹ میں بجٹ اور انٹری لیول اسمارٹ فونز کا بڑا حصہ ہے، جن میں عموماً ای سم کے لیے درکار ہارڈویئر موجود نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ فی الحال ملک میں ای سم استعمال کرنے کے قابل موبائل فونز کا تناسب محدود ہے۔

مبصرین کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے ای سم کی فیس اور منتقلی کے حوالے سے متعارف کرائی گئی نئی پالیسی سے اس ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اگر موبائل فون بنانے والی کمپنیاں مستقبل میں کم قیمت اور بجٹ فونز میں بھی ای سم کی سہولت فراہم کرنا شروع کردیں تو پاکستان میں ای سم صارفین کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔