بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

امریکی فوج کی طاقت کا بھرم ٹوٹ گیا؛ ایرانی کمانڈر کے مشیر کا بڑا اعلان

12 اگست, 2026 12:06

تہران: پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مشیر محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایران نے اہم فوجی تجربہ حاصل کیا اور ایرانی فورسز نے امریکی فوج کی صلاحیتوں اور جنگی حکمت عملی کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔

امریکی نشریاتی ادارے پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد رضا نقدی نے کہا کہ ایران اب تک جنگ میں کامیاب رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ جتنی طویل ہوگی، ایران کو اتنا ہی زیادہ فوجی تجربہ حاصل ہوگا۔

ان کے مطابق ایران کو اس سے قبل امریکا کے ساتھ براہِ راست اور حقیقی جنگ کا ایسا تجربہ نہیں ہوا تھا، جس کے ذریعے امریکی فوج کے خلاف جنگی حکمت عملی اور اس کی صلاحیتوں کا عملی جائزہ لیا جاسکے۔

محمد رضا نقدی کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ایرانی افواج نے جنگ کے میدان میں بہت کچھ سیکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران ایران نے امریکی فوج کی صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا اور یہ بات سامنے آئی کہ امریکی فوج ایران کی توقعات کے مقابلے میں کمزور ثابت ہوئی۔

ایرانی کمانڈر کے مشیر نے کہا کہ جنگ کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ مستقبل میں ایران کی فوجی حکمت عملی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

ان کے مطابق ایرانی فورسز نے اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کے ساتھ ساتھ امریکی فوج کی جنگی حکمت عملی اور عملی استعداد کا بھی مشاہدہ کیا۔

محمد رضا نقدی نے مزید کہا کہ ایران خود کو موجودہ جنگ میں فاتح سمجھتا ہے اور مستقبل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ براہِ راست فوجی تصادم نے ایرانی فورسز کو دشمن کی صلاحیتوں، حکمت عملی اور میدانِ جنگ میں اس کے ردعمل کو سمجھنے کا عملی موقع فراہم کیا، جس سے ایران اپنی آئندہ دفاعی منصوبہ بندی کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان طویل فوجی کشیدگی نے مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی صورتحال کو پیچیدہ بنا رکھا ہے اور دونوں ممالک کی فوجی صلاحیتوں اور آئندہ حکمت عملی پر عالمی سطح پر توجہ مرکوز ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔