بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کی تردید کردی؛ رائٹرز

13 اگست, 2026 09:01

ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع پر کسی بھی مذاکرات یا اتفاق کی تردید کردی ہے۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو نے اس سے قبل پاکستانی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر متفق ہوگئے ہیں۔

تاہم عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایک سینیئر ایرانی عہدیدار سے رابطہ کیا، جس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے امریکا اور ایران کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق تہران کی نظر میں سابق عبوری معاہدہ ختم ہوچکا ہے، اس لیے اس میں توسیع کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے مؤقف کے مطابق اس وقت جنگ بندی کی کوئی ایسی مدت موجود نہیں جس میں توسیع کی ضرورت ہو، لہٰذا اس معاملے پر مذاکرات بھی نہیں ہو رہے۔

ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا کو پہلے جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

اس سے چند گھنٹے قبل ترک خبر رساں ادارے انادولو نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور ایران نے 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کرلیا ہے۔

جون میں امریکا اور ایران نے ایک عبوری سمجھوتے کے تحت 60 روزہ مذاکراتی مدت پر اتفاق کیا تھا، جس کا مقصد جنگ بندی برقرار رکھتے ہوئے مستقل امن معاہدے کی جانب پیش رفت کرنا تھا۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 جولائی کو اس عبوری معاہدے کو ختم قرار دے دیا تھا۔ ایران نے بھی اس کے کچھ عرصے بعد معاہدے کے تحت اپنی فوجی اور سفارتی سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔

دوسری جانب پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ روز ایران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ اور اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی معاہدے کی بحالی سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔