جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

اسرائیلی ہٹ دھرمی عروج پر، جنوبی لبنان میں گھروں کو تباہ اور نذرِ آتش کرنے کا سلسلہ جاری

13 اگست, 2026 13:37

بیروت: لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرنے اور نذرِ آتش کرنے کی کارروائیاں کی ہیں، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

لبنانی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجدل زون، منصوری اور ان سے ملحقہ وادیوں میں متعدد گھروں کو دھماکوں کے ذریعے تباہ کیا گیا جبکہ بعض رہائشی عمارتوں کو آگ بھی لگائی گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے بھی لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے ان کارروائیوں کی رپورٹ دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے منصوری کے علاقے میں دو فضائی حملے کیے، جبکہ صور شہر سے بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوجی سرگرمیوں اور فضائی حملوں کے باعث شہریوں کو مسلسل سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔

گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے منصوری کے رہائشیوں کے لیے جبری انخلا کا حکم بھی جاری کیا تھا، جس کے بعد علاقے میں رہنے والے شہریوں کی نقل مکانی میں اضافہ ہوا۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے جنوبی لبنان کے حالیہ دورے کے دوران علاقے میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کو ضروری قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق اسرائیلی فورسز علاقے میں موجود گھروں کو مسمار کر رہی ہیں۔

دوسری جانب لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے جنوبی لبنان میں گھروں کی منظم مسماری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ لبنانی حکومت کا مؤقف ہے کہ شہری آبادی اور رہائشی املاک کو اس انداز میں نشانہ بنانا خطے میں انسانی بحران کو مزید سنگین کرسکتا ہے۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کو امید ہے کہ اسرائیل امریکی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کی پاسداری کرے گا، جس کے تحت جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا ضروری ہے۔

امریکی حکام نے مزید کہا کہ امریکا لبنان کی علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ تاہم جنوبی لبنان میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث جنگ بندی اور اسرائیلی انخلا سے متعلق معاہدے پر عملدرآمد ایک اہم چیلنج بنا ہوا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔