بہت جلد میں آبنائے ہرمز کو امریکا کا علاقہ قرار دینے کا اعلان کروں گا؛ امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے، جبکہ ایران کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کرنے کے لیے مزید سخت معاشی دباؤ ڈالنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ میں مزید اضافہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ان کے مطابق واشنگٹن کی کوشش ہے کہ تہران پر اتنا دباؤ بڑھایا جائے کہ وہ جنگ ختم کرنے پر مجبور ہوجائے۔
ٹرمپ نے گفتگو کے دوران آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی اہم دعویٰ کیا اور کہا کہ وہ جلد اس اہم آبی گزرگاہ کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز پہلے ہی ایران اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
آبنائے ہرمز خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے درمیان واقع انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی مصنوعات کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ اس لیے اس آبی راستے سے متعلق کسی بھی بڑے فیصلے کے عالمی توانائی کی منڈی اور تیل کی قیمتوں پر براہِ راست اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
ایران پہلے ہی آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکا کے دعوؤں کو مسترد کرتا رہا ہے اور ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس آبی گزرگاہ پر فیصلہ سازی اور نگرانی کے معاملے میں ایران کا مؤقف بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی ایران کے خلاف مزید سخت معاشی اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔
بیسنٹ کے مطابق واشنگٹن آئندہ ہفتے کے آغاز میں ایران کے خلاف ایسی پابندیاں اور معاشی اقدامات نافذ کرسکتا ہے جو اس سے پہلے نہیں دیکھے گئے۔
امریکی حکام کی جانب سے معاشی دباؤ بڑھانے کے اعلانات ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں مشکلات برقرار ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اس سے قبل واضح کرچکے ہیں کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پاکستان اور قطر سمیت ثالث ممالک ایران کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں، تاہم تہران کا کہنا ہے کہ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کی ترسیل کو ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست مذاکرات سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔
موجودہ صورتحال میں ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز سے متعلق نیا دعویٰ اور ایران پر مزید اقتصادی دباؤ کی دھمکی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتی ہے، جبکہ عالمی منڈیوں کی نظریں اس اہم آبی گزرگاہ کی صورتحال پر مرکوز ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










