ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

ایران جنگ کے خدشات؛ متحدہ عرب امارات میں فضائی آپریشن متاثر، پروازیں منسوخ

15 اگست, 2026 10:22

دبئی: ایران جنگ اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات سے مختلف مقامات کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا ہے، متعدد ایئرلائنز نے پروازیں منسوخ، معطل یا ان کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق خلیج میں سکیورٹی صورتحال اور آبنائے ہرمز کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات سے بحرین، کویت اور دیگر علاقائی مقامات کے لیے متعدد پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ایمریٹس، اتحاد ایئرویز، فلائی دبئی اور ایئر عریبیہ سمیت مختلف ایئرلائنز نے مسافروں کو پروازوں کے تازہ ترین شیڈول اور فلائٹ اسٹیٹس چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اتحاد ایئرویز کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان متعدد پروازیں 21 اگست تک منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایئرلائن کی جانب سے متاثرہ مسافروں کو متبادل سفری انتظامات اور دوبارہ بکنگ کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

ایمریٹس نے دبئی سے کویت اور بحرین جانے والی بعض پروازوں کے حوالے سے مسافروں کو تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایئرلائن کے مطابق متاثرہ پروازوں کا حتمی اسٹیٹس روانگی سے تقریباً 24 گھنٹے قبل دستیاب ہوگا، جبکہ بعض مسافروں کو سفری تاریخ بغیر اضافی فیس تبدیل کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

ایئر عریبیہ کی بھی پانچ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جن میں شارجہ سے بحرین اور کویت جانے والی پروازیں جبکہ ابوظہبی سے کویت جانے والی ایک پرواز بھی شامل ہے۔

ایئرلائن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ پرواز کا اسٹیٹس ضرور چیک کریں۔

دوسری جانب فلائی دبئی نے بتایا ہے کہ کویت، بحرین اور سعودی عرب کے لیے اس کی پروازیں شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔

تاہم مسافروں کو موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر سفر سے قبل فلائٹ اسٹیٹس چیک کرنے، جہاں ممکن ہو آن لائن چیک اِن مکمل کرنے اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اضافی وقت کے ساتھ پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

خلیجی خطے کی سکیورٹی صورتحال کے باعث دیگر بین الاقوامی ایئرلائنز نے بھی اپنی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلیاں کی ہیں۔

برٹش ایئرویز نے دبئی، تل ابیب، بحرین اور عمان کے لیے پروازیں 25 اکتوبر تک معطل رکھنے جبکہ دوحہ اور ریاض کے لیے پروازوں کی تعداد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فلپائن ایئرلائنز نے دبئی کے لیے اپنی سروسز 2 اکتوبر تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ایئر فرانس نے ریاض کے لیے پروازیں 14 اگست تک اور دبئی و بیروت کے لیے پروازیں 18 اگست تک معطل کی ہیں۔

ترکش ایئرلائنز نے دبئی اور ابوظہبی کے لیے پروازیں بحال کردی ہیں، تاہم ایران کے لیے فضائی سروسز تاحال معطل ہیں۔

ایئر کینیڈا نے بھی دبئی اور تل ابیب کے لیے پروازوں کی معطلی میں توسیع کردی ہے، جبکہ دبئی سروس کی بحالی جنوری 2027 کے وسط تک متوقع ہے۔

سنگاپور ایئرلائنز نے بھی دبئی کے لیے پروازوں کی بحالی 24 اکتوبر تک مؤخر کردی ہے۔

خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن میں اچانک تبدیلی کا امکان برقرار ہے۔ ایئرلائنز نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کا تازہ ترین اسٹیٹس ضرور چیک کریں، کیونکہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پروازوں کے اوقات میں آخری وقت میں بھی تبدیلی یا منسوخی ہوسکتی ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث خلیجی خطے کی فضائی اور بحری نقل و حرکت پر عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔