پی ٹی اے کا واٹس ایپ صارفین کو بڑا الرٹ، غیر فعال نمبرز پر اکاؤنٹس بلاک ہونے کا خدشہ

No Need For Expensive Mobile Packages
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو اہم تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر فعال، منسوخ یا زیرِ استعمال نہ رہنے والی سموں پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کسی بھی وقت بلاک کیے جا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ایسے موبائل نمبرز پر موجود واٹس ایپ اکاؤنٹس کو فراڈ، دھوکا دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ رہتا ہے، جس کے باعث ان اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
صارفین فوری طور پر کیا کریں؟
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایسے موبائل نمبر سے منسلک ہو جو فعال ہو اور خود صارف کے زیرِ استعمال ہو۔
پی ٹی اے کے مطابق اگر کسی صارف کا موبائل نمبر بند یا غیر فعال ہوچکا ہے تو اسے نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
بند نمبر کسی اور کو جاری ہوسکتا ہے
پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ منسوخ یا غیر فعال موبائل نمبرز مستقبل میں کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جاسکتے ہیں۔
ایسی صورت میں سابق صارف کے واٹس ایپ اکاؤنٹ اور اس سے منسلک ذاتی معلومات کے غلط استعمال کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ اسی لیے صارفین کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک موبائل نمبر کی حیثیت پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ اکاؤنٹ نئے نمبر پر منتقل کریں
پی ٹی اے نے ایسے صارفین کو جن کے موبائل نمبرز بند یا غیر فعال ہوچکے ہیں، مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کے ’چینج نمبر‘ فیچر کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ فوری طور پر کسی نئے اور فعال موبائل نمبر پر منتقل کرلیں۔
اس اقدام سے صارفین اپنے اکاؤنٹ کو فعال نمبر کے ساتھ منسلک رکھ سکیں گے اور غیر فعال نمبر کے دوبارہ کسی اور شخص کو جاری ہونے کی صورت میں پیدا ہونے والے ممکنہ سکیورٹی خطرات سے بچ سکیں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ڈیجیٹل سکیورٹی بہتر بنانا، صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ اور سائبر فراڈ کی روک تھام ہے۔
اتھارٹی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سم کا اسٹیٹس چیک کریں اور اگر واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی بند یا غیر فعال نمبر سے منسلک ہے تو اسے بروقت فعال نمبر پر منتقل کرلیں۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












