جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مسلح مزاحمت میں تیزی، ایک ہفتے میں 29 طالبان ہلاک

21 اگست, 2026 15:17

افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مخالف گروہوں نے مختلف صوبوں میں حملے تیز کر دیئے، جس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے اندر 29 طالبان ہلاک ہو چکے ہیں۔

افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف کام کرنے والی مختلف مسلح تنظیموں کی سرگرمیوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔

نیشنل ریزسٹنس فرنٹ، افغانستان فریڈم فرنٹ اور افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے ملک کے مختلف صوبوں اور شہروں میں طالبان کے ملٹری اور انتظامی مراکزی پر متعدد ٹارگٹڈ اور مسلح حملے کیے ہیں۔

ان حملوں کا بنیادی دائرہ کار بدخشان، بغلان، قندھار اور ہلمند کے علاقوں تک پھیلا ہوا ہے، جہاں راکٹ حملوں، چرکے وار کارروائیوں اور براہ راست جھڑپوں نے طالبان حکمرانوں کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق 16 اگست کو نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے بغلان کے ضلع فیرنگ میں طالبان کے خلاف کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک طالبان اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں 20 سے زائد دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں، جنہیں طالبان کی سرپرستی حاصل ہے: اقوام متحدہ

اس سے قبل 15 اگست کو اسی فرنٹ نے کندوز میں طالبان کے ساتویں پولیس زون کو نشانہ بنایا، جس میں 3 طالبان ہلاک ہوئے اور ایک فوجی گاڑی کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

بدخشان کے علاقے زیبک میں افغانستان فریڈم فرنٹ نے 16 اگست کو طالبان کے مورچوں پر حملے کیے، جس میں 6 طالبان ہلاک اور 8 زخمی ہوئے، جبکہ طالبان کو کئی مقامات سے پسپائی اختیار کرنا پڑی اور ان کی بعض اہم پوزیشنیں مخالف فرنٹ کے قبضے میں آ گئیں۔

مزید برآں 19 اگست کو بدخشان کے دارالحکومت فیض آباد میں طالبان گورنر کے دفتر اور سیکیورٹی چوکی پر افغانستان فریڈم فرنٹ کی جانب سے راکٹ سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد 30 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور 4 طالبان ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوئے۔

20 اگست کو زیبک میں دوبارہ 3 گھنٹے 30 منٹ تک جاری رہنے والی شدید جھڑپ میں 6 طالبان ہلاک اور کم از کم 10 زخمی ہوئے۔

جنوبی علاقوں میں افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے 18 اگست کو لشکر گاہ میں کارروائی کر کے 4 طالبان کو ہلاک اور ایک گاڑی تباہ کی، جبکہ 19 اگست کو قندھار کے 205 کور فوجی مرکز کے داخلی راستے پر حملے میں 5 طالبان ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔

مجموعی طور پر گزشتہ ایک ہفتے میں ان مسلح حملوں کے دوران کم از کم 29 طالبان اہلکار ہلاک اور 28 زخمی ہو چکے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔