ہفتہ، 22-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/09هـ (22-08-2026م)

ایران کے پاس فوجیوں اور پولیس کو تنخواہ دینے کیلئے رقم نہیں، وہ صحیح معاہدہ کرنے کیلئے بھی تیار نہیں؛ امریکی صدر

22 اگست, 2026 08:22

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اختلافات کے باوجود امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران ابھی ایک ایسے معاہدے کے لیے تیار نہیں جسے امریکا درست معاہدہ سمجھتا ہے۔

جوائنٹ بیس اینڈریوز سے جنوبی کیرولائنا کے شہر مرٹل بیچ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ معاشی اور عسکری صورتحال پر بھی تبصرہ کیا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اس وقت خاطر خواہ مالی وسائل کے ساتھ ساتھ بحریہ اور فضائیہ بھی موجود نہیں، جبکہ ان کے بقول ایران اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کر رہا۔

ٹرمپ نے ایران میں افراطِ زر کی شرح 350 فیصد تک پہنچنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اب دیکھنا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں صورتحال کس سمت جاتی ہے۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کو پورے خطے پر مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ ان کے مطابق اس کنٹرول میں آبنائے ہرمز اور اس سے منسلک زمینی علاقے بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط رکھے ہوئے ہے۔ ان کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

امریکی صدر کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کو اپنی شرائط کے مطابق آگے بڑھانا چاہتا ہے، جبکہ تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز اور اپنی دفاعی صلاحیتوں سے متعلق سخت مؤقف سامنے آتا رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔