ہفتہ، 22-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/09هـ (22-08-2026م)

دھمکیاں پرانی، چہرے نئے مگر ناکامی مقدر؛ ایران کا ٹرمپ پر طنزیہ وار

22 اگست, 2026 08:44

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے امریکا کی سابقہ پالیسیوں کو ناکام قرار دے دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایران کے خلاف سخت معاشی اقدامات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی ایران پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کرنے اور چین سمیت دیگر ممالک کو امریکی اقدامات کی حمایت کرنے پر زور دیا تھا۔

امریکی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر امریکا کی سابقہ پابندیوں کا حوالہ دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے یاد دلایا کہ 2012 میں بھی امریکا نے ایران کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کو تاریخ کی انتہائی تباہ کن پابندیاں قرار دیا تھا۔ عراقچی نے اس دعوے کے جواب میں طنزیہ انداز میں صرف ایک لفظ ’’ناکام‘‘ لکھا۔

عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے چند سال قبل شروع کی گئی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ یہ حکمت عملی بھی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً پانچ ماہ قبل امریکا نے ایران سے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے موجودہ امریکی دھمکی کو بھی سابقہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ باتیں وہی پرانی ہیں، صرف دھمکیاں دینے والے چہرے نئے ہیں۔

عباس عراقچی کے مطابق امریکی حکمت عملی میں الفاظ اور افراد تبدیل ہوتے رہے ہیں، تاہم ایران پر دباؤ ڈال کر اسے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹانے کی کوشش کوئی نئی بات نہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ تہران نئی امریکی پابندیوں اور دباؤ کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اشارہ دے رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔