امریکا کا خودمختار ریاستوں پر غلبہ حاصل کرنے کا منصوبہ ہے، اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی پابندیوں اور معاشی دباؤ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اپنی پالیسی اور فیصلے دیگر خودمختار ریاستوں پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے ممالک کے بینکوں یا کمپنیوں پر دباؤ ڈال کر انہیں جائز تجارتی سرگرمیوں سے روکے۔
ان کے مطابق امریکی اقدامات صرف اقتصادی دباؤ تک محدود نہیں بلکہ عالمی تجارت میں براہِ راست مداخلت کے مترادف ہیں۔
ایرانی ترجمان نے امریکی پابندیوں کو عالمی قوانین اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف عائد کیے جانے والے معاشی اقدامات غیر قانونی اقتصادی جنگ کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا کسی آزاد اور خودمختار ملک کو کسی دوسرے ملک کے ساتھ قانونی تجارت ختم کرنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔
ان کے مطابق ہر ریاست کو اپنی خارجہ اور معاشی پالیسی طے کرنے کا حق حاصل ہے اور کسی بیرونی طاقت کو اس پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں سے بھی متصادم ہیں، کیونکہ کسی خودمختار ریاست کو دباؤ کے ذریعے اپنی جائز پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر ممالک امریکی دباؤ کو معمول کے طور پر قبول کرنے لگیں تو ریاستی خودمختاری کا تصور کمزور پڑ جائے گا۔
ان کے مطابق ایسی صورتحال میں خودمختار ریاستوں کو اپنے فیصلے کرنے کے لیے بھی بیرونی اجازت کی ضرورت پڑنے لگے گی، جو عالمی نظام کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہوگا۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکی پالیسیاں اقوام متحدہ کے تحت قائم عالمی نظام کی بنیادوں کو کمزور کر رہی ہیں۔
ان کے بقول اگر یہی رجحان جاری رہا تو دنیا دوبارہ ایسے نظام کی طرف بڑھ سکتی ہے جہاں طاقتور ممالک کمزور ریاستوں پر اپنی مرضی مسلط کریں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









