منگل، 25-اگست،2026
منگل 1448/03/12هـ (25-08-2026م)

امریکا نے ایران پر تاریخ کی سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

25 اگست, 2026 08:59

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران پر تاریخ کی سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا، جس کا مقصد ایرانی معیشت کو مفلوج کرنا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کے وزیر اسکاٹ بیسنٹ نے ایران پر اب تک کی سب سے سخت اور جامع اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ ایران کی تاریخ کی شدید ترین پابندیاں ہوں گی، جن کا مقصد ایرانی معیشت کی اس ہر رگ کو کاٹنا ہے، جو موجودہ نظام کو سہارا دے رہی ہے۔

نئے اقدامات کے تحت امریکا نے ایران کی ترسیلات زر کی کچھ ادائیگیوں کے لیے دیئے گئے لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دھمکیوں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے، امریکا اسلام آباد یادداشت کی پاسداری میں ناکام رہا، ایرانی قیادت کی فیلڈ مارشل سے گفتگو

اسکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا کہ ایران سے تعاون کرنے والے یا اسے کسی بھی قسم کا معاشی سہارا دینے والے ممالک کو بھی امریکی گرفت اور سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ ان معاشی پابندیوں کے بعد ایرانی نظام خود ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں ان پابندیوں کے اہداف کی وضاحت کی گئی ہے۔ امریکی پابندیوں کا نشانہ وہ ایرانی فوجی حکام ہیں، جو ہتھیاروں کی خریداری اور امریکی افواج پر حملوں کی ہدایت کاری میں ملوث ہیں، جبکہ ان اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے امریکی افواج اور علاقائی اتحادیوں کی جاسوسی کی ہے۔

اس کے علاوہ ایران کے ملٹری اور میزائل پروگراموں کے لیے سامان فراہم کرنے والے نیٹ ورک اور متحدہ عرب امارات، چین، سنگاپور اور یورپ کے ذریعے ایرانی پیٹرولیم مصنوعات منتقل کرنے والے جہاز رانوں اور دلالوں کے ایک بڑے گروہ پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

سائبر شعبے کے حوالے سے امریکی انفراسٹرکچر پر حملوں میں ملوث 8 ایرانی شہریوں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے اور 5 اہم سائبر اداکاروں کی معلومات دینے پر 10 ملین ڈالر تک کے انعام کا اعادہ کیا گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے فوجی منصوبوں اور غیر قانونی تیل کی تجارت کو تباہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔