امریکا نے دو لاکھ غیر ملکیوں کے وزٹ اور بزنس ویزے منسوخ کرنے کی تیاریاں کرلیں

امریکا نے پناہ کی درخواستیں دینے والے دو لاکھ غیر ملکیوں کے بزنس اور ٹورسٹ ویزے منسوخ کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
امریکی حکومت اپنے ملک میں پناہ کی درخواستیں دینے والے یا پناہ کے خواہشمند تقریباً دو لاکھ غیر ملکیوں کے بزنس اور سیاحتی ویزے منسوخ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے دستاویزات اور دو سینئر امریکی حکام کے انٹرویوز سے معلوم ہوا ہے کہ اگر اس منصوبے پر عمل کیا گیا، تو یہ امریکی تاریخ میں ایک وقت میں ویزوں کی منسوخی کی سب سے بڑی کارروائی ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے تعاون سے آنے والے ہفتوں میں اس کارروائی کا باضابطہ اعلان کر سکتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 2016 سے 2026 کے درمیان جاری کیے گئے بی ون اور بی ٹو ویزوں کو نشانہ بنایا جائے گا، جن کے ہولڈرز نے امریکا پہنچ کر پناہ کی درخواستیں جمع کرائی ہیں یا اب جمع کرانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا پابندیاں ناکام ہوں گی، وہ ہماری مالیاتی رگیں نہیں کاٹ سکتا، ایرانی وزیر خزانہ
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پگوٹ کا کہنا ہے کہ وہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ساتھ مل کر ان غیر ملکیوں کو تلاش کر کے ان کے ویزے منسوخ کر رہے ہیں، جو عارضی وزٹر کے طور پر آئے لیکن بعد میں مستقل قیام کے لیے پناہ کی درخواستیں دے دیں۔
امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزے منسوخ ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہوگا کہ ان افراد کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا، بلکہ جن لوگوں کیسز زیر التوا ہیں انہیں ایک الگ امیگریشن کیٹیگری میں منتقل کیا جائے گا اور کیس کا فیصلہ ہونے تک ان کی بزنس یا ٹورسٹ حیثیت ختم ہو جائے گی۔
امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ دنیا بھر کے لوگ پناہ کی جھوٹی درخواستوں سے تنگ آ چکے ہیں اور پناہ کے قانون کو قانون سے بچنے کا راستہ نہیں بننا چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے آغاز سے اب تک ویزا قوانین کو سخت کر دیا گیا ہے جبکہ پچھلے 18 ماہ کے دوران مختلف جرائم اور امریکی پالیسیوں بالخصوص مشرق وسطیٰ کی پالیسیوں کے خلاف بولنے والے ایک لاکھ 75 ہزار افراد کے ویزے بھی منسوخ کیے جا چکے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












