جمعرات، 27-اگست،2026
جمعرات 1448/03/14هـ (27-08-2026م)

بل گیٹس کی اے آئی سے متعلق تشویشناک پیشگوئی

27 اگست, 2026 13:28

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تیزی سے بڑھتے ہوئے اثرات کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں متعدد ملازمتیں اے آئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے ختم ہوسکتی ہیں۔

اپنے بلاگ پر شائع کیے گئے مضمون میں بل گیٹس نے تجویز دی کہ ایسے مخصوص شعبے متعین کیے جانے چاہئیں جہاں انسانی ملازمتوں کو محفوظ رکھا جائے اور اے آئی و روبوٹس کو ان کی جگہ لینے سے روکا جائے۔

بل گیٹس کے مطابق اے آئی اور روبوٹکس میں مسلسل بہتری کے پیش نظر کچھ شعبوں کو انسانوں کے لیے مخصوص کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس تصور کو قدرتی علاقوں کے تحفظ سے تشبیہ دی، جہاں انسانی سرگرمیوں کو محدود کرکے ماحول کو محفوظ رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر طبی شعبے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بعض معاملات میں انسانی ماہرین کی موجودگی ضروری ہے۔ ان کے مطابق کسی مریض کو کسی سنگین یا لاعلاج بیماری کی اطلاع ایک روبوٹ کے ذریعے دیے جانے کا تصور ہی اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کچھ شعبوں میں انسانی کردار برقرار رہنا چاہیے۔

بل گیٹس نے دنیا بھر کی حکومتوں کو بھی خبردار کیا کہ وہ اے آئی کے ممکنہ اثرات کے پیمانے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں۔ ان کے مطابق اے آئی کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر واضح فریم ورک تشکیل دینا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے آئی کا اثر صرف ملازمتوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ قومی سلامتی، تعلیم، توانائی، انتخابات، ماحولیات، صحت عامہ، مالیاتی نظام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹرانسپورٹ سمیت زندگی کے تقریباً ہر شعبے تک پھیل سکتا ہے۔

بل گیٹس نے اے آئی کے معاملے پر عالمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں امریکا اور چین کے درمیان بھی کسی نہ کسی سطح پر تعاون اور رابطہ ضروری ہے۔

انہوں نے تعلیم کے شعبے پر اے آئی کے ممکنہ اثرات پر بھی خدشات ظاہر کیے۔ بل گیٹس اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی اور اس کے مستقبل پر بات کرچکے ہیں۔

مارچ 2025 میں ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا تھا کہ آئندہ ایک دہائی میں اے آئی اتنی ترقی کرسکتی ہے کہ بیشتر کاموں کے لیے انسانوں کی ضرورت نمایاں طور پر کم ہوجائے گی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فی الحال طب اور تعلیم جیسے شعبوں میں انسانی ماہرین کی ضرورت برقرار ہے۔

فروری 2025 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی تیزی سے ہماری زندگی کے تقریباً تمام شعبوں کا حصہ بنتی جارہی ہے۔ ان کے مطابق اے آئی اور ورچوئل اسسٹنٹس بیماریوں کی تشخیص سمیت متعدد شعبوں میں نمایاں بہتری لاسکتے ہیں۔

بل گیٹس نے اے آئی کی ترقی کی رفتار کو بھی غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پیش رفت اتنی تیزی سے ہورہی ہے کہ کسی حد تک خوفزدہ کردینے والی محسوس ہوتی ہے۔

اس سے قبل ستمبر 2024 میں بھی بل گیٹس نے پیشگوئی کی تھی کہ اے آئی تعلیم اور طب کے شعبوں میں ترقی کی رفتار کو نمایاں طور پر بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے اسے ایسی ٹیکنالوجی قرار دیا تھا جو ماہرین کی توقعات سے بھی زیادہ تیزی سے ترقی کررہی ہے۔

بل گیٹس مسلسل یہ خدشہ بھی ظاہر کرتے رہے ہیں کہ اے آئی کے باعث مختلف شعبوں میں کام کرنے والے افراد کی ملازمتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ ان کے مطابق اے آئی کا اثر کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ جیسی سابقہ بڑی ٹیکنالوجیز سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی امکان ظاہر کیا تھا کہ اے آئی کی ترقی کے نتیجے میں مستقبل میں کام کے اوقات کم ہوسکتے ہیں اور روایتی کل وقتی ملازمتوں کی ضرورت میں کمی آسکتی ہے۔ ان کے خیال میں طویل مدت میں ملازمت کا موجودہ تصور تبدیل ہونا لازمی طور پر منفی پیش رفت نہیں ہوگی۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔