ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

ٹوئٹر ایک بار پھر مارکیٹ میں آگیا، ایلون مسک کے ایکس کو نیا چیلنج کا سامنا

29 اگست, 2026 14:30

امریکی ریاست ورجینیا میں قائم ایک اسٹارٹ اپ نے ’’ٹوئٹر ناؤ‘‘ کے نام سے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف کرادیا ہے، جس کا انٹرفیس اور انداز پرانے ٹوئٹر سے مشابہ رکھا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ’’ٹوئٹر ناؤ‘‘ کا ایلون مسک کی ملکیت والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے کوئی تعلق نہیں۔ نئے پلیٹ فارم کو ’’آپریشن بلیو برڈ‘‘ نامی کمپنی نے لانچ کیا ہے، جس کی قیادت ٹوئٹر کے سابق ٹریڈ مارک وکیل اسٹیفن کوٹس کررہے ہیں۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ ایکس کی جانب سے 2023 میں ٹوئٹر کا نام تبدیل کرکے ایکس رکھنے کے بعد ٹوئٹر کے برانڈ نام سے متعلق اس کے حقوق ترک کردیئے گئے تھے۔ تاہم اس دعوے پر قانونی تنازع بدستور جاری ہے۔

ٹوئٹر ناؤ پر صارفین کو پرانے ٹوئٹر سے ملتا جلتا انٹرفیس فراہم کیا گیا ہے، جس میں ریپلائز اور ری پوسٹس سمیت سوشل میڈیا کے روایتی فیچرز شامل ہیں۔

نئے پلیٹ فارم کی ایک نمایاں خصوصیت ’’ویرا‘‘ نامی مصنوعی ذہانت کا نظام ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نظام سوشل میڈیا پوسٹس میں کیے گئے دعووں کی جانچ کرنے، متعلقہ ذرائع اور سیاق و سباق فراہم کرنے اور معلومات کی قابل اعتماد حیثیت کا اسکور دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر ناؤ کی لانچ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ’’ٹوئٹر‘‘ نام اور اس سے متعلق ٹریڈ مارکس کے استعمال پر قانونی تنازع جاری ہے۔ ایکس کارپ نے آپریشن بلیو برڈ کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے ٹوئٹر نام اور متعلقہ ٹریڈ مارکس کے استعمال کو چیلنج کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپریل 2026 میں ہونے والی سماعت کے دوران جج نے ایکس کے بعض ٹریڈ مارک دعووں پر سوالات بھی اٹھائے تھے۔ تاہم اس مقدمے کا حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔

نئے پلیٹ فارم کی آمد سے سوشل میڈیا کی دنیا میں ٹوئٹر کے پرانے برانڈ اور تجربے کی واپسی سے متعلق بحث بھی دوبارہ شروع ہوگئی ہے، تاہم قانونی تنازع کے حتمی نتیجے کے بعد ہی یہ واضح ہوگا کہ ’’ٹوئٹر ناؤ‘‘ اس نام اور متعلقہ برانڈنگ کو مستقل طور پر استعمال کرسکے گا یا نہیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔