جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ تیز، بفر زون بنانے کی کوشش قبول نہیں کریں گے، لبنانی اسپیکر

لبنانی اسپیکر نے جنوبی لبنان پر اسرائیلی افواج کی جانب سے شدید فضائی اور توپ خانے کی بمباری کا سلسلہ تیز ہونے پر کہا کہ اسرائیل جنوبی علاقے کو بفر زون بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
اسرائیلی افواج کی جانب سے جنوبی لبنان کے مختلف قصبوں اور دیہاتوں پر وحشیانہ جارحیت اور بمباری کے سلسلوں میں شدید تیزی آ گئی ہے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے کفر رمان چوک کے علاقے پر دو شدید بمباریاں کی ہیں، جبکہ زوطر قصبے کے مضافات اور علی الطاہر کی پہاڑیوں کو بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ وادی الحجیر اور صور ڈسٹرکٹ کے قصبے منصوری پر بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے شدید اور وحشیانہ بمباری کی گئی۔ اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبيہ برّی نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کا فلسطینیوں پر تشدد، اقوام متحدہ کا تشویش کا اظہار
امام سید موسیٰ الصدر اور ان کے ساتھیوں کی گمشدگی کی 48 ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے نبيہ برّی نے کہا کہ اسرائیل کا اصل مقصد صرف حزب اللہ یا امل موومنٹ کو نشانہ بنانا نہیں ہے، بلکہ وہ لبنان کی بستیوں اور قصبوں کو تباہ کر کے ملک کی قومی یاداشت کو مٹانا اور اندرونی خانہ جنگی و انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ لبنان کی یکجہتی اور شہری امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسپیکر نبيہ برّی نے جنوبی لبنان کو بفر زون یا سیکیورٹی بیلٹ بنانے کی کسی بھی کوشش کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنوب کی حفاظت اور ذمہ داری مکمل طور پر لبنانی ریاست کی ہے۔
انہوں نے فریم ورک معاہدے کو بھی یکسر رد کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک موڑ پر ملک کو درپیش وجودی خطرات کے پیش نظر کسی کو ایسے معاہدوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
لبنانی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق 2 مارچ سے 28 اگست کے دوران جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں کم از کم 4 ہزار 352 لبنانی شہری شہید جبکہ 12 ہزار 318 زخمی ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










