جرمنی نے اپنے ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کا الزام روس پر عائد کر دیا

جرمنی نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے گزشتہ ماہ مشرقی جرمنی میں واقع لاپزگ ہالے ایئرپورٹ پر بارود سے لیس ڈرون کے ذریعے حملے کی کوشش کی تھی۔
جرمنی اور روس کے درمیان سفارتی اور سیاسی کشیدگی میں شدید اضافہ ہو گیا ہے، برلن حکومت نے ماسکو پر اپنے ایک اہم ایئرپورٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کردیا۔
جرمن وزیر داخلہ الیکزینڈر دوبرنڈٹ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملکی انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی تحقیقات کے مطابق 4 اگست کی شام لاپزگ ہالے ایئرپورٹ پر ملنے والا بم سے لدا ڈرون روسی ملٹری ٹیکنالوجی اور پرزہ جات سے مکمل طور پر مطابقت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرون یوکرائنی کمپنی انٹونوف ایئرلائنز کے ایک کارگو طیارے کے قریب رن وے کے پاس سے ملا تھا، جس کے بعد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کرنا پڑا تھا۔
جرمن حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر ملنے والے ڈرون میں موجود بارودی مواد کو بم ناکارہ بنانے والے ماہرین نے ایک روبوٹ کی مدد سے کامیابی سے ڈیفوز کیا، جبکہ اطلاعات کے مطابق ایک دوسرا ڈرون ہوائی اڈے کے قریب ایک طیارے سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی فضائی دفاعی نظام میں مصنوعی ذہانت شامل، اے آئی سے اہداف کی شناخت کا عمل تیز
اگرچہ جرمنی نے تاحال عام طور پر تمام تفصیلی ثبوت عوامی سطح پر شیئر نہیں کیے ہیں، لیکن وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تیاری میں تکنیکی مہارت کی اعلیٰ سطح دیکھی گئی ہے، جس میں روسی ریاست کے لیے کام کرنے والے افراد شامل تھے۔
اس واقعہ کے جواب میں جرمنی نے روس کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ جرمن حکومت نے جرمن شہر بون میں واقع روسی قونصل خانے کو 18 ستمبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ برلن میں واقع روسی ثقافتی مرکز کو بھی بند کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ جرمنی نے روسی سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا اور یورپی یونین کی پابندیوں کی فہرست میں مزید روسی شہریوں کو شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔
نیٹو اتحادیوں برطانیہ، پولینڈ اور سویڈن نے جرمن مؤقف کی حمایت کی، جبکہ یوکرائن نے بھی برلن کے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔
دوسری جانب روس نے ان تمام الزامات کو مکمل طور پر لغو اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ جرمن چانسلر کی حکومت اندرونی معاشی مسائل اور گرتی ہوئی عوامی مقبولیت سے توجہ ہٹانے کے لیے روس پر جھوٹے الزامات لگا رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










